تحریک انصاف نے اسمبلی میں قرارداد مذمت جمع کرادی/ امریکی سفیر کو طلب کیا جائے


تحریک انصاف نے اسمبلی میں قرارداد مذمت جمع کرادی/ امریکی سفیر کو طلب کیا جائے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 7 مسلمان ممالک کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد مذمت جمع کرا دی ہے جسے دیگر جماعتوں کی بھی حمایت حاصل ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی خصوصی ہدایت پر یہ قرارداد اسد عمر، شیریں مزاری، ڈاکٹر عارف علوی اور دیگر اراکین کی جانب سے جمع کروائی گئی۔

تاہم اس قرارداد کو دیگر اپوزیشن جماعتوں کی بھی حمایت حاصل تھی۔

قرارداد میں ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے کو متعصب اور انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت اس معاملے کو امریکہ اور عالمی سطح پر اٹھائے۔

قرارداد میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کا یہ فیصلہ عالمی سطح پر نفرت اور دوریوں کا موجب بنے گا۔

پی ٹی آئی رہنما عارف علوی کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں، یہ تمام مسلمانوں کا مستقبل ہے، یہ ہماری مشترکہ قرارداد ہے، جسے پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کم سے کم امریکی سفیر کو طلب کر کے اپنا نظریہ واضح کیا جائے اور پاکستان کو عالم اسلام کی اس موقع پر رہنمائی بھی کرنی چاہئیے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ 27 جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرکے امریکہ میں تارکین وطن کے داخلے کے پروگرام کو معطل کرتے ہوئے 7 مسلمان ممالک کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر بھی پابندی عائد کردی تھی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری