گلگت بلتستان کی عوام محب وطن پاکستانی کی حیثیت سے دنیا کے نقشے پر اپنی حیثیت کو ثابت کررہی ہے


گلگت بلتستان کی عوام محب وطن پاکستانی کی حیثیت سے دنیا کے نقشے پر اپنی حیثیت کو ثابت کررہی ہے

اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کی عوام 70برس سے پاکستان سے باضابطہ الحاق کے اعلان پر کاربند رہتے ہوئے محب وطن پاکستانی کی حیثیت سے دنیا کے نقشے پر اپنی حیثیت کو ثابت کررہی ہے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ تا حال گلگت بلتستان کی عوام کو بنیادی حق و شناخت دینے کے بجائے حیلے بہانوں سے ان کو بنیادی آئینی حق سے محروم رکھا جارہا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ یہ تحریک گلگت بلتستان کی عوام کے بنیادی، آئینی اور قانونی حقوق کی محرک جماعت کے طور پر شمالی علاقہ جات کونسل سے لیکر ابتک نمائندہ جماعت کے طور پر سرگرم عمل رہی ہے۔

1994ء کی شمالی علاقہ جات کی قانون ساز اسمبلی ہو یا 1999کی اسمبلی میں مخلوط اور بلا شرکت غیرے حکومتیں بنانے کا اعزاز حاصل رہاہے۔ اور تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی زیر قیادت گلگت بلتستان کی عوام کی بلا امتیاز خدمات میں تا ہنوز مصروف عمل ہے۔ 

علامہ ساجد نقوی کی مدبرانہ قیادت نے گلگت بلتستان میں اتحاد بین المسلمین اور امن و امان کے قیام کی مثالی روح پھونکی۔ جس کیلئے گلگت بلتستان کی عوام ان کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کیلئے اور عوامی نمائندے عوام کی بے لوث خدمت سر انجام دینے کا بھر پور عہد کرتی ہے۔

گلگت بلتستان کی عوام 70برس سے پاکستان سے باضابطہ الحاق کے اعلان پر کاربند رہتے ہوئے محب وطن پاکستانی کی حیثیت سے دنیا کے نقشے پر اپنی حیثیت کو ثابت کررہی ہے۔ اس ضمن میں 1947سے لے کر آج تک گلگت بلتستان کی عوام نے تن من دھن کی کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ تا حال گلگت بلتستان کی عوام کو بنیادی حق و شناخت دینے کے بجائے حیلے بہانوں سے ان کو بنیادی آئینی حق سے محروم رکھا جارہا ہے۔ عوام بنیادی حقو ق کی ضامن اسلامی تحریک پاکستان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس نے روز اول سے ہی گلگت بلتستان کو پاکستان کا پانچواں صوبہ بنانے کا مطالبہ کررکھا ہے۔ اور اس ضمن میں پاکستان کی سپریم کورٹ میں رٹ دائر کرنے کے ساتھ ساتھ تحریک اگست 2015ء میں گلگت بلتستان اسمبلی سے بھی متفقہ قرارداد بھی منظور کراچکی ہے۔

علاوہ ازیں گلگت بلتستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں پر مشتمل آل پارٹیز کانفرنس بھی تحریک کے اس دیرینہ مطالبے کو متفقہ طور پر منظور کرچکی ہے۔ مگر تا حال حکومت وقت گلگت بلتستان کو پانچواں صوبہ بنانے میں گلگت بلتستان کی عوام کی خواہشات سے انحراف کررہی ہے۔ جبکہ دوسرے علاقوں سے آنے والی باز گشت کو ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان کو آئینی حیثیت ملنے سے کوئی اہم عالمی مسئلہ کشمیر متاثر نہیں ہوگا۔ بلکہ عوام کی خواہشات کے عین مطابق اس دیرینہ مسئلے کے حل سے پاکستان کے موقف کو عالمی سطح پر مزید تقویت حاصل ہوگی۔ ہم اور ہماری جماعت اسلامی تحریک پاکستان سی پیک کے منصوبے کو پاکستان کا تاریخی اور مثالی منصوبہ قرار دیتے ہوئے اس منصوبے کی تکمیل میں بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ تاہم ہمارا مطالبہ ہے کہ اس منصوبے کو بہتر طور پر پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔

ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان جو سی پیک منصوبے کیلئے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے، کے فوائد سے اس صوبے کو بھی دیگر صوبوں کی برابر مواقع دیے جائیں۔ پاور سیکٹر میں بے شمار مواقع ہیں جنہیں سی پیک میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس منصوبے سے گلگت بلتستان کی عوام کو بہرہ مند کرنے کیلئے رابطہ سڑکوں کی جال کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کے تینوں ڈویژنز سکردو، گلگت اور دیامر میں بھی اقتصادی زون قائم کیے جائیں۔ کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ گیٹ وے کی جامع ترقی پاکستان میں بھی اقتصادی انقلاب برپا کرنے میں ممد و معاون ثابت ہوگا۔

اسلامی تحریک پاکستان عوام سے کیے وعدوں کے مطابق کرپشن کے خاتمے کیلئے آواز اٹھانے کا بیڑہ ایک عرصے سے اٹھایا ہوا ہے اور اس ضمن میں مختلف محکموں میں پیدا ہونے والی بھرتیوں میں میرٹ کی دھجیاں اڑانے اور ملازمت کیلئے امیدواروں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ محکمانہ کارروائی کے ذریعے میرٹ کے خلاف ہونے والی بھرتیوں کا نوٹس لیں اور جو بھی کرپشن میں ملوث ہے اس کے خلاف تادیبی کارروائی کر نے اور تمام محکموں میں میرٹ کے مطابق بھرتیاں کرانے کے عمل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام سے میرٹ کی ہونے والی نفی اور امتیازی سلوک کا ازالہ ممکن ہو جائے۔

آج کی پریس کانفرنس میں ایک اور اہم مسئلہ گلگت بلتستان میں زمینوں پر بغیر معاوضہ خالصہ سرکار کے نام پر الاٹمنٹ کیا جانا سراسر غیر قانونی اور جائیداد کے مالکان کے خلاف ظالمانہ اقدام ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس مسئلے کو ہنگامی طور پر حل کیا جائے۔

آپ کی وساطت سے ہم ارباب بست وکشاد اور حکومت کی توجہ ایک اور اہم مسئلے کی جانب مبذول کروانا اہم سمجھتے ہیں جس کے تحت بغیر کسی ثبوت کے پرامن شہری اور مذہبی و سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو فورتھ شیڈول میں ڈال کر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اور حال ہی میں اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی نائب صدر اور داعی اتحاد بین المسلمین علامہ شیخ مرزا علی سمیت درجنوں کارکنوں کو شامل کیا جارہا ہے۔ جو غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔ جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر پر امن لوگوں کو فورتھ شیڈول لسٹ میں ڈالنے سے باز رہیں اور نام خارج کیا جائے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری