پاکستان میں غربت اور دہشتگردی میں واضح کمی ہوئی ہے، وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ


پاکستان میں غربت اور دہشتگردی میں واضح کمی ہوئی ہے، وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ

معروف بین الاقومی جریدے وال سٹریٹ جرنل نے اپنی رپورٹ میں اعتراف کیا ہے کہ پاکستان میں غربت اور دہشتگردی میں حیران کن کمی واقع ہوئی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم نیوز کے مطابق، غربت اور دہشتگردی کسی بھی قوم کے بدترین دشمن ہوتے ہیں جو اس ملک کو گھن کی طرح چاٹ جاتے ہیں۔

کسی بھی ملک کی طرح پاکستان کے لئے بھی غربت اور دہشتگردی کسی عفریت سے کم نہیں جو پاکستان کی سلامتی کے لئے ایک بڑا خطرہ ہیں تاہم معروف امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی رپورٹ میں پاکستان میں نہ صرف معاشی صورتحال بہتر ہونے کی نوید دی ہے بلکہ دہشتگردی میں بھی نمایاں کمی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی عالمی کمپنیاں پہلے سے کہیں زیادہ کما رہی ہیں۔

وال اسٹریٹ جرنل نے پاکستان کی معاشی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ دی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی 38 فی صد آبادی مڈل کلاس جبکہ 4 فی صد کا تعلق اپر مڈل کلاس سے ہے۔

یہ آبادی ساڑھے 8 کروڑ بنتی ہے جو جرمنی اور ترکی جیسے ملکوں کی مجموعی آبادی کے برابر ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 1991 میں صرف 4 فیصد افراد کے پاس موٹر سائیکل تھی جو اب 34 فیصد لوگوں کے پاس ہے۔

اسی طرح واشنگ مشین استعمال کرنے والوں کی تعداد 13 سے بڑھ کر 47 فی صد ہو چکی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لوگوں کی قوت خرید میں اضافہ بین الاقوامی کمپنیوں کے لیے بھی کشش کا باعث بن رہا ہے، جنہوں نے یہاں بھاری سرمایہ کاری شروع کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ تین سال کے دوران دہشت گردی میں بھی واضح کمی آئی ہے، جس سے معاشی شرح نمو 8سال کی بلند ترین سطح تک پہنچ چکی ہے۔

رپورٹ میں ایک عام کاروباری اور بڑی بڑی کمپنیوں کے مالکان کے انٹرویوز بھی شامل کئے گئے ہیں جنہوں نے معاشی بہتری سے حاصل ہونے والے فوائد کا اعتراف کر کے اس جریدے کی رپورٹ کی صداقت کو مزید تقویت پہنچائی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری