عام تعطیل/ پاکستان میں آج "یوم یکجہتی کشمیر" منایا جائے گا


عام تعطیل/ پاکستان میں آج "یوم یکجہتی کشمیر" منایا جائے گا

یوم یک جہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان بھر میں عام تعطیل، کشمیریوں کی حمایت میں ریلیاں اور دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں میں خصوصی تقاریب ہوں گی جبکہ وزیراعظم محمد نوازشریف مظفر آباد میں قانون ساز اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانی آج (اتوار کو) یوم یکجہتی کشمیر منائیں گے جبکہ حق خود ارادیت کی جدوجہد میں مصروف کشمیری اتوار کو یوم تشکر منائیں گے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان میں عام تعطیل ہوگی وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف مظفر آباد میں قانون ساز اسمبلی و آزاد جموں و کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ پاکستان بھر میں کشمیریوں کی حمایت میں پروگرامات ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد ان کے حقیقی نصب العین اور اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود اس دیرینہ تنازع کے تصفیلئے کے مطالبے کواجاگر کرناہے۔

پاکستان کے چاروں صوبوں کے علاوہ آزادکشمیر،گلگت بلتستان کے تمام شہروں اور قصبوں میں کشمیریوں کی مشکلات اور مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے ظلم و ستم کو اجاگر کرنے کیلئے ریلیاں نکالی جائیں گی۔

اس کے علاوہ، وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بھی بنائی جائیں گی، خواتین اور بچے بھی یوم یکجہتی کشمیر کے تمام پروگراموں میں بھر پور شرکت کریں گے۔

انسانی ہاتھ کی زنجیر بنانے کا مقصد علامتی طور پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی ہے۔

ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کشمیری عوام کی تحریک آزادی کے تمام پہلوؤں پر مبنی خصوصی پروگرام نشر کریں گے۔

حکومت نے کشمیریوں کی حمایت میں یوم یکجہتی کشمیر منانے کیلئے پانچ فروری کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ یہ دن منانے کامقصد کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کو اجاگر کرنا ہے۔

کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اتوار کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ محمد نفیس ذکریا نے بتایا ہے کہ 5 فروری کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جائے گا، پاکستانی سفارتخانوں میں خصوصی تقاریب ہوں گی۔ دوسرے ملکوں میں مقیم پاکستانی بھی یوم یکجہتی کشمیر کو منائیں گے۔

یہ دن کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد کیلئے پاکستان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کی علامت ہے۔

ادھر صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے تناظر میں قانون ساز اسمبلی و آزاد جموں و کشمیر کونسل کا مشترکہ اجلاس 5 فروری دن 2:00 بجے بمقام لاجنگ ہال اسمبلی ہاسٹل مظفرآباد طلب کر لیا ہے۔

اجلاس کی صدارت اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر کریں گے۔

ادھر مقبوضہ کشمیر کی مشترکہ حریت پسند قیادت سید علی گیلانی، میر واعظ اور یاسین ملک نے پانچ فروری کو پاکستان میں یوم یک جہتی کشمیر منانے پر اس روز یوم تشکر منانے کا اعلان کر دیا ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری