چترال میں برفانی تودہ گرنے سے 14 افراد ہلاک


چترال میں برفانی تودہ گرنے سے 14 افراد ہلاک

چترال میں برفانی تودہ موت بن کر متعدد گھروں کو مسمار کر گیا، حادثے میں 14 افراد جان بحق ہو گئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، خیبر پختونخواہ کے علاقے چترال میں شدید برفباری کے بعد متعدد گھروں پر برفانی تودہ گر گیا جس کے نیچے سے اب تک 14 لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ برفانی تودے میں مزید کئی افراد دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے مقامی لوگ اور انتظامیہ کی کارروائیاں جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق چترال میں کریم آباد کے علاقے شیر شال میں گزشتہ رات کئی گھروں پر برفانی تودہ گر گیا جس کے نیچے سے اب تک 14 لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ مزید افراد کے جاں بحق ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

کمانڈنٹ چترال اسکاوٹس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 6خواتین، 6بچے اور 2مرد شامل ہیں۔

خیال رہے کہ چترال میں بہت زیادہ برفباری کے باعث سڑکیں بھی بند ہو گئی ہیں جس کے باعث امدادی سرگرمیوں میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔

مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت برفانی تودے میں دبے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں جبکہ ان کے ساتھ انتظامیہ کے بھی کچھ لوگ امداد ی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

برفباری کی وجہ سے راستے بند ہیں اور امدادی ٹیمیں پیدل ہی جائے حادثہ پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم نے چترال میں برفانی تودہ گرنے سے ہونیوالے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی اداروں کو فوری امدادی کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ متاثرین کو فوری طور پر خوراک، طبی امداد اور پناہ مہیا کی جائے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری