بیروت میں دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام


بیروت میں دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام

لبنانی پولیس نے بروقت کارروائی کرکے تکفیری دہشت گرد داعش کے ایک بڑے دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنادیا ہے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کی پولیس نے داعش کے ایک بڑے دہشت گردانہ منصوبے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

لبنانی روزنامہ "الاخبار" نے لکھا ہے کہ داعشی دہشت گردوں نے سولیدر نامی کمپنی میں ایک بڑی تخریبی کارروائی کا منصوبہ تیار کیا تھا تاہم لبنان کی خفیہ ایجنسی کی بروقت اطلاع پر پولیس نے کارروائی کرکے حملے کو ناکام بنادیا۔

روزنامہ الاخبار کا کہنا ہے کہ سولیدر نامی کمپنی کا ایک ذمہ دار داعش کے ساتھ تعاون کررہا تھا جو اس گروہ کی طرف سے مشن پر تھا تاکہ کمپنی کے داخلی اور خارجی راستوں سے سیاسی اور تجارتی شخصیات کے آنے جانے پر نظر رکھے اور داعشیوں کو مطلع کرتا رہے۔

الاخبار نے مزید لکھا ہے کہ کمپنی کے ملازم لبنان کے صیدا نامی علاقے کا رہنے والا ہے اور کمپنی میں ایک بڑے عہدے پر فائز تھا۔

کمپنی کے ملازم نے پولیس کو بتایا کہ اس نے  ایک فلسطینی جوان کے کہنے پر داعش میں شمولیت اختیار کی اور کچھ عرصہ داعش کے لئے اطلاعات فراہم کرتا رہا تاہم اب انہیں لبنان کے وزیراعظم سمیت ملک کی سیاسی شخصیات کے آنے جانے کے بارے میں معلومات کی ذمہ داری سونپی گئی تھی اور داعش کی جانب سے کمپنی کے اندر کسی بڑی کارروائی کی تیاری تقریبا مکمل ہوچکی تھی کہ ملزم پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوگیا۔

لبنانی پولیس نے داعش سے وابستہ فلسطینی نوجوان کو بھی حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے۔

فلسطینی نوجوان نے پولیس کو بتایا کہ شام میں سرگرم داعشی قیادت مختلف جوانوں کو لبنان میں تخریبی کاروائی کرنے کے لئے بھیجنے کی کوشش کررہی ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری