پشاور سے گرفتار داعش کے 4 افغان دہشت گرد افغانستان کے حوالے


پشاور سے گرفتار داعش کے 4 افغان دہشت گرد افغانستان کے حوالے

پاکستان کے خفیہ ادارے نے پشاور سے گرفتار افغانستان سے تعلق رکھنے والے داعش کے 4 دہشت گرد افغان حکومت کے حوالے کر دیئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ لنڈی کوتل نے میچنی پوسٹ پر ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ داعش سے تعلق رکھنے والے چار افغان دہشت گردوں کو مصدقہ اطلاع پر خفیہ اداروں نے پشاور سے گرفتار کیا تھا۔

 انہوں نے ملزموں کے نام بتاتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے تعلق رکھنے والے داعش کے چار دہشت گردوں میں جاوید خان ولد محمد عمر، نعمت اللہ عرف حامد اللہ ولد مرسلین، تالیمن ولد اللہ نظر، صفی اللہ عرف خان بابا ولد عین اللہ شامل ہیں۔

چاروں کا تعلق افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار سے ہے جو پشاور کے قریب ہی واقع ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کئی بار افغانستان کو یقین دلا چکا ہے کہ دہشتگردوں کے ہاتھوں پاکستان کی سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال نہیں ہو رہی۔

اسی زمرے میں چند روز پہلے بھی سرتاج عزیز نے اپنے بیان میں واضح کیا تھا کہ پاکستان نے بارہا افغان صدر اشرف غنی کو اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ افغان دشمن باغیوں پر پاکستان میں زمین تنگ کردی گئی ہے اور جو بھی پاکستان میں چھپے ہوئے تھے وہ واپس افغانستان جاچکے ہیں۔

دوسری جانب چند روز قبل ہی امریکہ کے معروف اخبار واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں دعوی کیا گیا تھا کہ پاکستان میں دہشتگردوں کی کوئی پناہ گاہ نہیں ہے، اس کے خلاف منفی پروپیگنڈا کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری