یمن میں 10 سال سے قید 7 بےگناہ پاکستانیوں کی وطن واپسی

خبر کا کوڈ: 1324884 خدمت: پاکستان
ماہیگیر

یمن میں ایک عشرے سے پھنسے 7 پاکستانیوں اور ان کے خاندان کی مشکل آسان ہوگئی۔ ساتوں پاکستانی مچھیرے دفتر خارجہ اور آئی سی آر سی کی مدد سے آزاد ہو کر وطن واپس پہنچ گئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، کراچی اور بلوچستان کے ماہی گیر لگ بھگ دس برس قبل مچھلی کے شکار کے لیےگئے مگر بھٹک کر انٹرنیشنل پانیوں میں پہنچ گئے اور واپس نہ آسکے۔

قسمت ان مچھیروں کو یمن لے گئی جہاں وہ صنعاء شہر کی سینٹرل جیل میں قید کردیے گئے۔ اپنے پیاروں کو دیکھنے کے خواہش مندوں کی دوریاں بالٓاخر ختم ہوگئیں۔

انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس اور دفترخارجہ کی کوششوں سے 7 پاکستانیوں کو رہائی مل گئی۔

یہ پاکستانی گزشتہ رات اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئے۔ انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈکراس کی نمائندہ اور دفتر خارجہ حکام نے یمن سے واپس آنے والے 7 پاکستانیوں کا ان کے اہل خانہ کے ہمرا ہ ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔

دس برس قبل اپنے پاؤں پر چل کر مچھلی کے شکار کے لیے جانے والے ایک ماہی گیر کو وطن واپس پہنچنے پر وہیل چئیر پر ایئرپورٹ سے باہر لایا گیا۔

انٹرنیشنل لاؤنج سے باہر آنے پر یہ ماہی گیر اپنوں سے گلے ملے تو فرط جذبات میں ان کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔

واپس پہنچنے والے ماہی گیر آج اپنے خاندان کے ہمراہ آئی سی آر سی کے دفتر میں پریس کانفرنس میں اپنی روداد پیش کریںگے۔

    تازہ ترین خبریں