انقلابی شاعر فیض احمد فیض کا 106 واں یوم پیدائش آج منایا جائے گا

خبر کا کوڈ: 1323126 خدمت: پاکستان
فیض احمد فیض

درجنوں فلموں کے لئے غزلیں، گیت اور مکالمے لکھنے والے انقلابی شاعر فیض احمد فیض کا 106 واں یوم پیدائش آج (13فروری کو) منایا جائے گا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق فیض احمد فیض 13 فروری 1911 کو شاعر مشرق علامہ اقبال کے شہر سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، انہوں نے تدریسی مراحل اپنے آبائی شہر اور لاہور میں مکمل کئے۔

اپنے خیالات کی بنیاد پر 1936 میں ادبا کی ترقی پسند تحریک میں شامل ہوئے اور اسے بام عروج پر بھی پہنچایا، درس و تدریس چھوڑ کر دوسری جنگ عظیم میں انہوں نے برطانوی فوج میں شمولیت اختیار کی لیکن بعد میں ایک بار پھر علم کی روشنی پھیلانے لگے جو زندگی کے آخری روز تک جاری رہا۔

فیض کی شاعری کے انگریزی، جرمن، روسی، فرنچ سمیت مختلف زبانوں میں تراجم شائع ہو چکے ہیں، ان کے مجموعہ کلام میں "نسخہ ہائے وفا، نقش فریادی، نقش وفا، دست صبا، دست تہہ سنگ، سر وادی سینا، زنداں نامہ" اور دیگر قابل ذکر ہیں۔

فیض احمد فیض وہ واحد ایشیائی شاعر تھے جنہیں 1963 میں فیض کو لینن پیس ایوارڈ سے نوازا گیا۔

فیض کی شاعری مجازی مسائل پر ہی محیط نہیں بلکہ انہوں نے حقیقی مسائل کو بھی موضوع بنایا۔

فیض کی فلمی انڈسٹری کے لئے خدمات بھی ناقابل فراموش ہیں۔ ان کا کلام محمد رفیع، ملکہ ترنم نور جہاں، مہدی حسن، آشا بھوسلے اور جگجیت سنگھ جیسے گلوکاروں کی آوازوں میں ریکارڈ کیا گیا جب کہ درجنوں فلموں کے لئے غزلیں، گیت اور مکالمے بھی لکھے اور 20 نومبر 1984 کو 73 برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

    تازہ ترین خبریں