پنجاب اسمبلی کے سامنے دھماکہ، 13 افراد شہید، 100 سے زائد زخمی + تصاویر


پنجاب اسمبلی کے سامنے دھماکہ، 13 افراد شہید، 100 سے زائد زخمی + تصاویر

لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے خودکش دھماکے کے نتیجے میں ڈی آئی جی ٹریفک احمد مبین اور ایس ایس پی آپریشنز زاہد گوندل سمیت 13 افراد شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق خودکش دھماکا پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر ہوا، جس کے نتیجے میں آج ٹی وی کی ڈی ایس ین جی کا ڈرائیور،انجینئر اور کیمرا مین بھی زخمی ہوئے۔ 

دھماکے کے وقت مال روڈ پر فارما مینوفیکچررز اور کیمسٹس کا دھرنا جاری تھا، اور احمد مبین مظاہرین سے مذاکرات کے لیے آئے تھے۔

پولیس عہدیداروں کے مطابق دھماکا خودکش تھا اور بمبار موٹر سائیکل پر سوار تھا۔

دھماکے کے بعد علاقے میں بھگدڑ مچ گئی، پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مال روڈ پر جمع لوگوں کو منتشر کرنے کا عمل شروع کیا۔

ریسکیو ٹیموں نے ایمبولینسز کے ذریعے زخمیوں کو گنگا رام اور میو ہسپتالوں میں منتقل کیا جہاں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی، جبکہ زخمیوں میں سے 10 سے زائد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

فائر بریگیڈ کی ٹیمیں بھی دھماکے کی جگہ پر پہنچ گئیں اور دھماکے سے لگنی والی آگ پر قابو پالیا گیا۔ خودکش دھماکے سے کئی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں آگ بھی لگ گئی، جبکہ قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ زخمیوں کی طبی امداد اور امدادی سرگرمیوں میں تعاون کیا جائے۔ انہوں نے دہشت گردی کے واقعے میں ملوث عناصر کو جلد بے نقاب کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری