بھارت کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید


بھارت کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید

بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھمبر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں بھارتی فوج کے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی تصدیق کی گئی ہے جس کے نتیجے میں 3 پاکستانی فوجی شہید ہوئے ہیں۔

بھارتی فوج نے ایل او سی کے بھمبر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے۔

بھارتی جارحیت کے ردعمل میں پاک فوج نے بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپوں کو خاموش کردیا جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کے بھاری جانی و مالی نقصان کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

پاک فوج کے شہید ہونیوالے جوانوں میں نائیک غلام رسول، نائیک عمران ظفر اور سپاہی امام بخش شامل ہیں۔

یاد رہے کہ کچھ عرصے سے بھارت کی جانب سے سرحدی قوانین کی خلاف ورزیوں میں شدت آئی ہے جس کا پاکستانی سیکورٹی فورسز جواب تو دے دیتی ہیں لیکن اس معاملے کو بار بار مختلف فورم پر اٹھانے کے باوجود عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی عام انسان کی عقل سے بالاتر ہے۔

معمول یہ بن چکا ہے کہ ہر چند روز بعد بھارت ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کرتا ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ اس کی خبر دیتے ہیں، میڈیا اس کو نشر کرتا ہے، دنیا آگاہ ہوتی ہے اور پھر خاموشی !!!

اور یہ خاموشی بھارت کی ایل او سی پر فائرنگ کی تڑتڑاہٹ سے ایک بار پھر ٹوٹتی ہے اور دوبارہ وہی عمل دہرایا جاتا ہے جو بیان کیا جا چکا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری