شامی فوج تدمر سے صرف 20 کلومیٹر کے فاصلے پر


شامی فوج تدمر سے صرف 20 کلومیٹر کے فاصلے پر

روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ شام میں داعش کے خلاف کارروائی کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور شامی فوج تدمر کے بالکل قریب پہنچ گئی ہے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، روسی وزارت دفاع نے تدمر کی طرف شامی فوج کی پیش قدمی کی خبر دیتے ہوئے کہا ہےکہ فوج اب تدمر سے صرف 20 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

روسی حکام کے مطابق تدمر کے علاقے میں شامی فوج نے 7 فروری کو آپریشن کا آغاز کیا تھا اور اب تک کئی علاقوں کو دہشت گردوں سے آزاد کرالیا ہے اور پوری کامیابی کے ساتھ پیش قدمی جاری ہے، دہشت گرد پسپائی اختیار کرتے ہوئے القلیب نامی شہر اور اس کے مضافاتی پہاڑیوں سے فرار ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ روسی اور شامی فوج کی مشترکہ کارروائیوں میں اب تک 800 مربع کلومیٹر کا علاقہ دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا گیا ہے۔

روسی وزارت دفاع نے تدمر شہر میں داعشی دہشت گردوں کے ہاتھوں آثار قدیمہ اور تاریخی عمارتوں کو تباہ کرنے کی تصاویر بھی شائع کی ہیں۔

شامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران شامی فوج نے کم سے کم 200 تکفیری دہشتگردوں کو ہلاک کیا ہے۔

خیال رہے کہ تدمر شہر ایک مرتبہ دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے بعد دوبارہ داعش کے قبضے میں چلا گیا تھا، شامی فوج کا کہنا ہے کہ حلب آپریشن کی وجہ سے تدمر پر دوبارہ قبضہ کیا گیا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری