سلامتی کونسل کی شمالی کوریا کے میزائیل تجربے کی مذمت / سختی سے نمٹیں گے، ٹرمپ


سلامتی کونسل کی شمالی کوریا کے میزائیل تجربے کی مذمت / سختی سے نمٹیں گے، ٹرمپ

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنے ہنگامی اجلاس میں شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربہ کی شدید مذمت کی ہے جبکہ صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا سے سختی سے نمٹنے کا بیان دیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، سلامتی کونسل نے شمالی کوریا کی جانب سے بیلسٹک میزائل تجربے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیدیا ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس امریکہ ، چین اور جاپان کی درخواست پر طلب کیا گیا تھا۔

اجلاس میں شمالی کوریا کے میزائل تجربات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سختی سے مذمت کی گئی ہے۔

امریکی مندوب نیکی ہیلی کا کہنا تھا کہ کونسل تمام ممکن وسائل استعمال کرتے ہوئے شمالی کوریا پر یہ واضح کرے کہ اس قسم کے تجربات ناقابل قبول ہیں اور اسے سنگین  نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ شمالی کوریا سے سختی کے ساتھ پیش آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یقینا شمالی کوریا کی خواہشات مسلسل بڑھتی جا رہی ہیں جو بڑی پریشانی کا سبب بن رہا ہے لیکن ہم اس سے سختی سے نمٹیں گے۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا نے صدر ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد جاپان کی جانب رخ کر کے بیلسٹک میزائل کا پہلا تجربہ ایسے حالات میں کیا جب جاپانی وزیراعظم امریکی دورے پر تھے۔

جاپان، جنوبی کوریا اور امریکہ نے میزائل تجربے کی شدید مذمت کی تھی اور ہنگامی طور پر سلامتی کونسل ک اجلاس منعقد کرنے کی بھی سفارش کی تھی۔

دوسری جانب، اس سے قبل بھی شمالی کوریا امریکی دھمکیوں اور دنیا بھر کی مذمتوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے 5 ایٹمی تجربات کر چکا ہے اور اس کو اپنا حق مانتا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری