آزاد کشمیر: ایم ڈبلیو ایم کے رہنما پر جانی حملہ


آزاد کشمیر: ایم ڈبلیو ایم کے رہنما پر جانی حملہ

آزاد جموں و کشمیر میں مجلس وحدت المسلمین کے جنرل سیکریٹری علامہ تصور الجوادی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، علامہ تصور الجوادی اپنی اہلیہ کے ساتھ موٹرسائیکل پر جہلم ویلی روڈ سے گڑھی دوپٹہ کی طرف جارہے تھے کہ راستے میں نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ اور ان کی اہلیہ زخمی ہوگئیں۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 جائے وقوع پر پہنچی اور زخمیوں کو مظفرآباد کے شیخ خلیفہ بن زیاد النہیان ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) گلزار خان نے بتایا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں علامہ تصور الجوادی کو گردن میں گولی لگی اور ان کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ ان کی اہلیہ کو بازو میں ایک گولی لگی اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

واضح رہے ملزمان جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

علامہ جوادی کے رشتے دار تصور موسوی نے دعویٰ کیا کہ سیاہ کار میں ملزمان ان کا کافی دور سے پیچھا کر رہے تھے اور انھوں نے علامہ اور ان کی اہلیہ کو روانی برج کے پاس نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ علامہ جوادی کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے۔

تاہم انھوں نے دعویٰ کیا کہ علامہ جوادی کو کچھ عرصے سے دھمکی آمیز پیغامات موصول ہورہے تھے، اور یہ حملہ آزاد جموں و کشمیر کے امن کو فرقہ وارانہ کشیدگی کے ذریعے تباہ کرنے کی ایک سازش ہے۔

اس زمرے میں ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ فی الوقت کسی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا اور ابھی تک یہ بات واضح نہیں ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ تھا یا اس کے پیچھے کسی قسم کے فرقہ وارانہ عزائم تھے۔

دوسری جانب واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری