پی ایس ایل کا فائنل، دبئی یا لاہور؟


پی ایس ایل کا فائنل، دبئی یا لاہور؟

پاکستان پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کروانے کے لئے سر توڑ کوشش کر رہی ہے تاہم لاہور دھماکے کے بعد معاملہ کچھ کھٹائی میں پڑتا نظر آ رہا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، دبئی میں ماہ رواں کی 9 تاریخ کو شروع ہونے والا پی ایس ایل کا دوسرا ایڈیشن اپنے کانٹے دار میچوں کی بدولت عوام میں روز بروز مقبول ہوتا جا رہا ہے۔

کرکٹ کے شائقین اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھ کر پھولے نہیں سماتے۔ اگرچہ میچ فکسنگ کے کیس کی وجہ سے ایونٹ کو وقتی طور پر ایک جھٹکا ضرور لگا تاہم بہت جلد شائقین کرکٹ دوبارہ کھیل کے سنسنی خیز مقابلوں میں کھو گئے۔

واضح رہے کہ جب سے پی ایس ایل 2 شروع ہوا ہے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوشش ہے کہ ایونٹ کا فائنل لاہور میں منعقد کروایا جائے۔

پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کروانے کے حوالے سے ایک اجلاس کے دوران لیگ میں شریک پانچوں ٹیموں کے غیر ملکی کھلاڑیوں کو حکام نے فائنل میچ کے حوالے سے لاہور میں سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی تھی۔

پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے یہاں تک دعویٰ کر دیا تھا کہ کھلاڑیوں کو سربراہان مملکت کے برابر سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔

اسی طرح پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور رمیز راجہ نے بھی کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے انہیں فول پروف سیکورٹی انتظامات کی یقین دہانی کروائی تھی۔

غیر ملکی کھلاڑیوں کو لاہور آ کر فائنل کھلینے کے لئے قائل کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ وہ کھلاڑی جو پی ایس ایل فائنل کھیلنے کیلئے لاہو رآئیں گے انہیں پاکستان میں ہیرو کا درجہ دیا جائے گا اور ان کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ کئی غیر ملکی کھلاڑی کسی حد تک پاکستان آ کر فائنل کھیلنے کو راضی ہو بھی گئے تھے۔

لیکن لاہور میں 13 فروری کو ہونے والے بم دھماکے کے بعد پاکستان میں فائنل ہونے کا معاملہ ایک بار پھر کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔

مال روڈ لاہور پر ہونے والے خود کش حملے کے بعد غیرملکی کھلاڑیوں نے لاہور میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل کھیلنے کو فیڈریشن آف انٹرنیشنل کونسل (فیکا) کی اجازت یا یقین دہانی سے مشروط کردیا ہے۔

دوسری جانب پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانا پاکستان کی انا کا مسئلہ بن گیا ہے، ہم فائنل لاہور میں کرا کر ہی دم لیں گے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی بھی آئیں۔

تاہم ان کا کہنا ہے کہ جو غیر ملکی لاہور آئیگا، اسے خوش آمدید کہیں گے جبکہ انکار کرنیوالوں کا متبادل ڈھونڈ لیں گے۔

یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا کہ پی ایس ایل 2 کا فائنل لاہور میں ہوتا ہے یا نہیں تاہم ایونٹ کا شیڈول جاری کرنے والی بہت سی غیر ملکی سائیٹس نے فائنل کی جگہ کے طور پر لاہور لکھ ڈالا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری