فوجی عدالتوں کو بحال، پولیس کو غیر سیاسی اور دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن کیا جائے


فوجی عدالتوں کو بحال، پولیس کو غیر سیاسی اور دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن کیا جائے

تحریک جوانان پاکستان و کشمیر کے چیئرمین عبداللہ گل نے اس بیان کے ساتھ کہ فوج اور پولیس کے جوان کب تک قربانیاں دیتے رہیں گے، تاکید کی کہ دہشت گردوں کا ٹرائل کرنے کے لئے فوجی عدالتوں کو فوری بحال، پولیس کو غیر سیاسی اور دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن کیا جائے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق تحریک جوانان پاکستان وکشمیر کے چیئرمین عبداللہ گل نے کہا ہے کہ سانحہ لاہور سی پیک کے خلاف اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش ہے۔

انکا کہنا تھا کہ فوج اور پولیس کے جوان کب تک قربانیاں دیتے رہیں گے؟ دہشت گردوں کا ٹرائل کرنے کے لئے فوجی عدالتوں کو فوری بحال کیا جائے۔ امن و امن کا قیام حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

عبداللہ گل نے کہا کہ ڈی جی ٹریفک پولیس کیپٹن ریٹائرڈ احمد مبین شہید اور ایس ایس پی زاہد گوندل شہید سمیت 16 بے گناہ شہریوں کی شہادت پر انکے لواحقین کے ساتھ مکمل اظہار ہمدردی ہے۔ دھماکوں میں شہید ہونے والے خاندانوں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے۔ جب بھی قومی سانحات ہوئے تو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا لیکن دہشت گردی ختم نہیں ہوئی۔

انہوں نے تاکید کی کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پولیس کو غیر سیاسی کیا جائے، دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کاروائی ہونی چاہئے۔ فوجی عدالتوں نے دہشت گردوں کو پھانسیاں دلوائیں، انہیں فوری بحال کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی سانحہ ہوتا ہے تو آرمی چیف فوری پہنچتے ہیں لیکن بدقسمتی سے جب لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کے جوان شہید ہوتے ہیں تو کوئی سیاسی رہنما ان کے گھروں میں تعزیت کے لئے نہیں جاتا جو کہ ہماری بدقسمتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے سامنے دھماکے کے بعد فوری نتیجہ اخذ کر لیا گیا کہ یہ پی ایس ایل کو سبوتاژ کرنے کے لئے کیا گیا، حقائق تک پہنچنا چاہئے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری