جڑواں شہروں میں حساس تنصیبات کاکنٹرول پاک فوج کے سپرد کیا گیا


جڑواں شہروں میں حساس تنصیبات کاکنٹرول پاک فوج کے سپرد کیا گیا

ملک میں دہشتگردی کی نئی لہر کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد میں حساس تنصیبات کا کنٹرول پاک فوج کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، ملک میں 5 روز میں 7 دہشتگرد دھماکوں کے بعد چاروں صوبوں میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

علاوہ ازیں لاہور، کوئٹہ، پشاور، حیدر آباد، سکھر، نواب شاہ، ملتان، رحیم یار خان، مظفر آباد، کوہاٹ، چارسدہ، چمن اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی سیکورٹی کو انتہائی ہائی الرٹ کردیا گیا۔

جب کہ جڑواں شہروں میں حساس عمارتوں کا کنٹرول پاک فوج نے سنبھال لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، راولپنڈی اور اسلام آباد میں پاک فوج نے بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ اور اڈیالہ جیل سمیت متعدد اہم حساس عمارتوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

اس کے علاوہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں، مساجد، عوامی مقامات اور بازاروں میں پولیس اور سیکورٹی فورسز نے گشت بڑھا دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کیلئے انٹیلی جنس نظام مزید متحرک کردیا گیا ہے جس کے تحت اسپیشل برانچ اور سی آئی ڈی اہلکاروں کو شہر میں پھیل جانے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پولیس تھانوں کے ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقوں کے گیسٹ ہاؤسز، مدارس اور مذہبی مقامات کی نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے انٹیلی جنس اہلکاروں کی اطلاع پر فوری کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے حملے کے خدشے کے پیش نظر مراسلہ جاری کیا گیا ہے کہ اہم عمارتوں، اسپتالوں اور اسکولوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔

حساس اداروں کو پتہ چلا ہے کہ دہشت گردوں نے جڑواں شہروں میں تخریب کاری کے لیے اسامہ ولد علی محمد نامی خودکش بمبار کو تیار کیا ہے جس کے لیے کوئٹہ کے رہائشی غزالی نامی شخص نے دہشت گرد کو معاونت فراہم کی ہے۔

اس زمرے میں محکمہ داخلہ پنجاب نے کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے سیکورٹی انتہائی سخت کرنے کی تجویز دی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری