مغربی موصل کو داعش سے آزاد کرانے کیلئے آپریشن کا آغاز


مغربی موصل کو داعش سے آزاد کرانے کیلئے آپریشن کا آغاز

عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورسز نے مغربی موصل کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، موصل کے مغربی علاقوں کو دہشت گردوں سے آزاد کرانے کے لئے آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے مغربی موصل کو درندہ صفت داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے باقاعدہ طور پر آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عراقی فوج نے مغربی موصل میں پرچیاں پھینکی ہیں جن میں مغربی موصل کے شہریوں کو داعش سے آزاد کرانے کی نوید سنائی گئی ہے اور شہریوں سے کہا گیا ہےکہ داعشی دہشت گردوں سے تعاون کرنے سے گریز کیا جائے۔

واضح رہے کہ مغربی موصل میں 6 لاکھ 50 ہزار افراد داعشی دہشت گردوں کے ہمراہ محاصرے میں ہیں، داعشی دہشت گرد عام شہریوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں جس کی وجہ سے عراقی فوج کو مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔

عراقی فوج کا کہنا ہے کہ لوگوں کو ڈھال بنانے کی وجہ سے موصل میں آپریشن طویل ہوتی جارہی ہے فوج کی کوشش ہے کہ عام شہریوں کی جانیں محفوظ رہیں۔

اقوام متحدہ نے بھی عراقی فوج سے محتاط رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ موصل میں عام شہریوں کی جانوں کی حفاظت کے لئے خاص انتظامات کئے جائیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری