ایران پاکستان کو بجلی کی فراہمی 130میگاواٹ سے بڑھا کر 3ہزار میگاواٹ تک کرنے کیلئے تیارہے


ایران پاکستان کو بجلی کی فراہمی 130میگاواٹ سے بڑھا کر 3ہزار میگاواٹ تک کرنے کیلئے تیارہے

کراچی میں ایران کے قونصل جنرل نے ایران گیس پائپ لائن کو پاکستان کیلئے توانائی حاصل کرنے کا انتہائی منافع بخش، سب سے زیادہ محفوظ اور سستا ذریعہ قرار دیا اور تاکید کی کہ ایران پاکستان کو بجلی کی فراہمی کو بھی 130 میگاواٹ سے بڑھا کر 3 ہزار میگاواٹ تک کرنے کیلئے تیار ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق کراچی میں ایران کے قونصل جنرل احمد محمدی نے کہا ہے کہ ایران گیس پائپ لائن پاکستان کیلئے توانائی حاصل کرنے کا انتہائی منافع بخش ،سب سے زیادہ محفوظ اور سستا ذریعہ ہے۔

ایرانی قونصل جنرل نے مزید کہا کہ ایران پاکستان کو بجلی کی فراہمی 130 میگاواٹ سے بڑھا کر 3 ہزار میگاواٹ تک کرنے کیلئے تیار ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ منصوبہ دونوں ممالک کیلئے اہم ہے، تہران پر نیوکلیئر پروگرام کے باعث لگنے والی پابندیوں کی وجہ سے ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات کے ساتھ ساتھ کاروبار بھی متاثر ہوا تھا۔ تاہم 2016ء میں بہت سی پابندیاں ختم ہو چکی ہیں۔

احمد محمدی نے کہا کہ ہمسایہ ملک پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات ایران کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کی خواہش رکھتا ہے اور ہمارا یقین ہے کہ یہ ایران کیلئے بھی فائدہ مندہو گی۔

انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں 24 تا 27 فروری 2017ء کے دوران ایران کی مصنوعات کی نمائش منعقد کی جارہی ہے جبکہ اپریل میں تہران میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش کی جائے گی۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری