وزیراعظم نواز شریف کل ترکی کے دورے پر جائیں گے


وزیراعظم نواز شریف کل ترکی کے دورے پر جائیں گے

وزیراعظم پاکستان ایسے موقع پر ترکی کے دو روزہ دورے کا ارادہ رکھتے ہیں جب سرتاج عزیز دفاعی تعاون بڑھانے کی غرض سے ایران کے سفر پر روانہ ہو گئے ہیں جبکہ گذشتہ روز ہی خطے میں بدامنی پھیلانے کا الزام لگانے پر ایران نے ترک سفیر کو طلب کر کے اپنا شدید احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، وزیراعظم پاکستان نوازشریف کل برادر اسلامی ملک ترکی کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان کل 22 فروری کو 2 روز کے لئے ترکی روانہ ہوں گے جہاں اپنے دورے کے دوران ترک صدر رجب طیب اردگان سمیت اعلیٰ ترک حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

ان ملاقاتوں کے دوران خطے کی صورتحال، باہمی تعلقات اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیراعظم پاکستان نوازشریف کا یہ دورہ اس لئے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ اسی وقت ان کے مشیر برائے امورخارجہ سرتاج عزیز ایران کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔

سرتاج عزیز اپنے دو روزہ دورے کے دوران ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے ساتھ ملاقات اور گفتگو کرینگے جبکہ سیکرٹری دفاع سید ضمیر الحسن شاہ اور وفاقی سیکرٹری برائے وزارت پانی و بجلی محمد یونس دھاگہ بھی ان کے ہمراہ ہونگے۔

بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سیکرٹری دفاع ایرانی وزیر دفاع جنرل حسین دھقان کے ساتھ ملاقات کرینگے۔

واضح رہے کہ ان ملاقاتوں کے دوران دفاعی تعاون پر زور دیا جائے گا۔   

دوسری جانب اتوار کے روز مختلف ملکوں سے آئے مندوبین سے میونخ میں گفتگو کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ ایرانی حکومت شام اور عراق کو مکمل طور پر شیعہ ریاست بنانا چاہتی ہے۔

جبکہ ہم مشرق وسطیٰ میں کسی بھی قسم کی فرقہ پرستی کے خلاف ہیں اور خطے میں امن و استحکام کیلئے ایران سے بھی یہی پالیسی اختیار کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ایران نے اس بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ترک سفیر کو طلب کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال 16 نومبر کو ترک صدر نے بھی پاکستان کا 2 روزہ دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے پاکستان پارلیمنٹ سے بھی خطاب کیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری