حافظ سعید پاکستان کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں، خواجہ آصف

خبر کا کوڈ: 1335003 خدمت: پاکستان
خواجه آصف

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید اور دیگر افراد معاشرے کے لیے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، جرمنی کے شہر میونخ میں جاری سیکورٹی کانفرنس 2017 میں حافظ سعید کی نظر بندی کے بارے میں سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ انھیں فورتھ شیڈول کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔

انھوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانون ان لوگوں پر استعمال کیا جاتا ہے جو سماج دشمن عناصر ہوں اور معاشرے کے لیے خطرے کا باعث بن سکتے ہوں۔

سیکورٹی کانفرنس کے سیشن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گذشتہ چند ماہ میں ان عناصر کے خلاف کارروائیاں کی ہیں جو دہشت گردوں کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

میونخ کانفرنس میں بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت اب ان تمام عناصر اور جماعتوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لے رہی ہے جو کہ براہ راست دہشت گردی میں ملوث نہیں ہیں لیکن دہشت گردوں کو مختلف طریقوں سے مدد فراہم کر رہی ہیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی لشکر طیبہ اور جماعت الدعوۃ پر پابندی لگائی جا چکی ہے اور یہ جماعتیں پاکستان اور پاکستان سے باہر بالواسطہ دہشت گردی میں ملوث رہی ہیں۔

لیکن ہماری پوری کوشش ہے کہ دہشت گردی کو ہر جگہ سے ختم کیا جائے، چاہے وہ پاکستان ہو یا افغانستان، اور اس لیے ایسے اقدامات لینے ضروری تھے اور ہم آئندہ بھی لیتے رہیں گے۔

خواجہ آصف نے اعتراف کیا کہ ماضی میں ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں لیکن اب ہم دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہیں اور ہماری فوج پچھلے کئی سالوں سے دہشت گردی کے خلاف بہت اعلیٰ کارکردگی دکھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں عالمی برادری کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم مستقبل میں بھی دہشت گردی کے خلاف ایسے ہی سخت اقدام اٹھاتے رہیں گے۔

دوسری جانب جماعت الدعوۃ کے ترجمان یحیی مجاہد نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے کے لیے خطرہ جماعت الدعوۃ کے سربراہ نہیں بلکہ حکومتی صفوں میں موجود کچھ لوگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم حکومت کی جانب سے ایسے بےبنیاد الزام تراشیوں کی شدید مذمت کرتی ہے۔

یاد رہے کہ حکومت پاکستان نے اس سال جنوری میں حافظ سعید کو حراست میں لے کر نظر بند کر دیا تھا۔

جس کے بعد ان کا نام ای سی ایل اور فورتھ شیڈول کی فہرست میں بھی ڈال دیا گیا ہے۔

دہیان رہے کہ حافظ سعید نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کو امریکہ اور بھارت کی ایماء پر نظربند کیا گیا ہے۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری