سی پیک کی حفاظت کے لئے 15 ہزار فوجی تعینات

خبر کا کوڈ: 1335222 خدمت: پاکستان
گوادر

پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت جاری منصوبوں کے تحفظ کیلئے حکومت نے 15 ہزار فوجی اہلکار تعینات کیے ہیں جو خصوصی سیکیورٹی ڈویژن (ایس ایس ڈی) اور میری ٹائم سیکیورٹی فورس (ایم ایس ایف) کا حصہ ہوں گے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، ملک میں جاری دہشتگردی کی تازہ لہر اور حساس اداروں کی رپورٹ، کہ دہشتگرد سی پیک کو تخریب کار کارروائی کا نشانہ بنا سکتے ہیں، کے بعد پاک چین اقتصادی راہداری کی حفاظت کے لئے پاک فوج کے 15 ہزار جوان تعینات کر دئے گئے ہیں۔

یہ جوان خصوصی سیکورٹی ڈویژن (ایس ایس ڈی) اور میری ٹائم سیکورٹی فورس (ایم ایس ایف) کا حصہ ہوں گے جبکہ مذکورہ دونوں فورسز صوبوں کے تعاون سے وزارت داخلہ کے ماتحت کام کریں گی۔

ان کی بنیادی ذمہ داریوں میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر کام کرنے والے مقامی اور غیر ملکیوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

سینیٹر مشاہد حسین سید نے بتایا کہ ایس ایس ڈی وہ فورس ہے جو سی پیک کے تحت جاری 34 منصوبوں کو سیکورٹی فراہم کرے گی جبکہ ایم ایس ایف گوادر پورٹ اور ملک کے ساحلی علاقوں کی سیکورٹی کی ذمہ دار ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایس ایس ڈی کو گوادر سے گلگت بلتستان تک 6 مختلف زونز میں تعینات کیا گیا ہے جس میں چاروں صوبے اور آزاد جموں اور کشمیر بھی شامل ہیں۔

انھوں نے واضح کیا کہ ایس ایس ڈی کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ سی پیک کے تحت جاری منصوبے کے اطراف میں 5 کلومیٹر تک کے علاقے کے تحفظ کی ذمہ دار ہوں گی۔

اس کے علاوہ ایس ایس ڈی راہداری کے مختلف حصوں پر پیٹرولنگ بھی کرے گی، خاص طور پر جہاں سڑکیں زیر تعمیر ہیں۔

مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ ایس ایس ڈی اور ایم ایس ایف کا قیام ایک سال کے دوران عمل میں لایا گیا ہے اور دونوں ہی فورسز کو جدید جنگی ہتھیاروں، آلات اور گاڑیوں سے لیس کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیشتر ایس ایس ڈی کے اہلکار حاضر سروس فوجی ہیں۔

خیال رہے کہ ان دونوں فورسز، ایس ایس ڈی اور ایم ایس ایف کو 48 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے سی پیک منصوبے اور اس کے تحت جاری توانائی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے منصوبوں اور دیگر کے تحفظ کیلئے وجود میں لایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ جہاں ایک طرف ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو آفتاب سلطان نے سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے بھارتی خفیہ ایجنسی (را)، لشکر جھنگوی، تحریک طالبان پاکستان اور افغان خفیہ ایجنسی (این ڈی ایس) کے سرگرم عمل ہونے کی خبر دی ہے وہیں حساس اداروں نے بھی اپنی رپورٹ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خبردار کیا ہے کہ دہشتگرد پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے سی پیک پر حملہ کر سکتے ہیں۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری