بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے، آرمی چیف کی فوجی جوانوں کو ہدایت


بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے، آرمی چیف کی فوجی جوانوں کو ہدایت

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مٹی والا، منور سیکٹر پر کنٹرول لائن کے دورے کے دوران پاک فوج کے جوانوں کو بھارت کی سرحدی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی تاکید کی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مٹی والا، منور سیکٹر پر کنٹرول لائن کے دورہ پر فوجی جوانوں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر فوج کے سربراہ جنرل باجوہ نے فوجی جوانوں کی پیشہ وارانہ تیاری کی تعریف کرتے ہوئے انہیں بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا بھرپور جواب دینے کی تاکید کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے اور دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف ہمارے ردعمل کو کمزور کرنے کی ایک سازش ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ کنٹرول لائن پر شہری آبادی کو دانستہ نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے خلاف بھارتی عزائم اور خطے میں دہشتگردی میں اس کی سرپرستی سے بخوبی آگاہ ہیں۔

بھارتی جاسوس کل بھوشن یادو کی گرفتاری اس کا واضح ثبوت ہے اور اس معاملے کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

آرمی چیف نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاک فوج ہر قسم کی بھارتی جارحیت سے پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کا تحفظ کرے گی۔

انہوں نے اپنا موقف دو ٹوک الفاظ میں واضح کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں مصروف مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار جاری رکھیں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری