حافظ محمد سعید کی نظر بندی جعلی اقدام ہے/ ہم آنکھیں بند کر کے دھوکہ نہیں کھا سکتے


حافظ محمد سعید کی نظر بندی جعلی اقدام ہے/ ہم آنکھیں بند کر کے دھوکہ نہیں کھا سکتے

بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اپنے بیان میں حافظ محمد سعید کی نظر بندی کو جعلی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم آنکھیں بند کر کے دھوکہ نہیں کھا سکتے، پاکستان کو اس سے بڑھ کر کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اپنے بیان میں حافظ محمد سعید کی نظر بندی کو جعلی اقدام قرار دیتے ہوئے پاکستان سے اس معاملے میں ایک بار پھر ڈو مور کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے نظربندی سے بڑھ کر کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

حافظ سعید کی نظربندی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کن قدم اٹھانے کی ضرورت ہے، فقط نظر بندی سے کام نہیں چلے گا۔

انہوں نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے اس زمرے میں مزید اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حافظ سعید کی نظر بندی ایک جعلی اقدام ہے، اس معاملے میں بھارت آنکھیں بند کرکے دھوکہ نہیں کھا سکتا۔

انہوں نے کہا ہے پاکستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے ہم نے اس کے وزیر اعظم کو حلف برداری کی تقریب میں بلایا تھا۔

تاہم اسلام آباد میں سارک کانفرنس کے دوران سوچی سمجھی سازش کے تحت ہمارے خلاف شو ر مچایا گیا ۔

ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ پاکستان کو دہشتگرد ریاست قرار دلوانے میں جلدبازی نہیں کرنا چاہتے،ہم ایک عالمی گاﺅں کی شکل اختیار کرچکے ہیں اور ہم چاہتے ہیں دوسرے ممالک ہم ساتھ تعاون کریں۔

واضح رہے چند روز قبل پاکستانی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے میونخ میں ہونیوالی کانفرنس میں خطاب کے دوران بھی کہا تھا کہ حافظ سعید جیسے لوگ معاشرے کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں۔ اس لئے ان کے خلاف یہ کاروائیاں کی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ حافظ محمد سعید کو رواں سال جنوری میں 6 ماہ کے لئے ان کے گھر نظربند کیا گیا، پھر ان کا نام ای ایک سی اور فورتھ شیڈول میں بھی ڈال دیا گیا۔

حافظ محمد سعید کا دعوی ہے کہ ان پر یہ پابندیاں امریکہ اور بھارتی ایما پر لگائی گئی ہیں جبکہ پاکستان نے ان کے موقف کی مکمل تردید کرتے ہوئے اسے اپنا داخلی معاملہ اور فیصلہ قرار دیا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری