پاک ترک توانائی ، تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق


پاک ترک توانائی ، تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

 پاکستان اور ترکی نے تجاررت اور دوسرے شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق کرتے ہوئے 10 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخطکیے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، تذویراتی تعاون کونسل کے اجلاس کے بعد جاری ہونیوالے ایک مشترکہ اعلامیے میں دونوں فریقوں نے نسلی امتیاز اور اسلام کےخلاف پراپیگنڈا کے بڑھتے ہوئے رجحانات سے نمٹنے کیلئے کثیرجہتی اقدامات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر ملکر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جموں و کشمیر کے بنیادی مسئلے کو پائیدار مذاکراتی عمل اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔

فریقین نے مشترکہ دفاعی پیداوار اور تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیوں میں فوجی تعاون جاری رکھنے پراتفاق کیا۔

پاکستان اور ترکی نے جمعرات کے روز مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے دس معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔
وزیراعظم نوازشریف اور ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم انقرہ میں دستخطوں کی تقریب میں موجود تھے۔

معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کے تحت ہائیڈرو کاربن، ماحولیات، جنگلات، اطلاعات، منی لانڈرنگ، مسلح افواج کے اہلکاروں سے متعلق خفیہ مالیاتی معلومات کے تبادلے کے شعبوں میں تعاون کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم نوازشریف 2 روز قبل اعلیٰ حکام کے ہمراہ تین روزہ دورے پر ترکی پہنچے ہیں، وفاقی وزراء شاہد خاقان عباسی، خرم دستگیر، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام سمیت وزیراعظم کی اہلیہ بھی اس دورے میں ان کے ہمراہ ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری