پاک فوج کی افغان سرحد پر بمباری، 2 ہائی پروفائل دہشت گرد ہلاک / ملک بھر سے 337 افراد گرفتار


پاک فوج کی افغان سرحد پر بمباری، 2 ہائی پروفائل دہشت گرد ہلاک / ملک بھر سے 337 افراد گرفتار

پاک فوج نے افغان سرحد پر کارروائی کرتے ہوئے لاہور بم دھماکے کے ماسٹر مائنڈ 2 ہائی پروفائل دہشت گرد ہلاک کردیے جبکہ دوسری جانب ملک بھر سے 337 مشکوک افراد گرفتار کر لئے گئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاک فوج نے افغان بارڈر پر گولہ باری کی ہے جس کے نتیجے میں ہائی پروفائل دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع  نے خبر دی ہے کہ مارے گئے دہشتگرد حکمت عرف زبیر اور وجیہہ اللہ  لاہور کے حالیہ خودکش دھماکے کے ماسٹرمائنڈ تھے اور دونوں کا تعلق کالعدم جماعت الاحرار گروپ سے ہے۔

واضح رہے کہ حکمت عرف زبیر افغانستان میں پنجاب ٹرانزٹ کیمپ کا انچارج اور افغان انٹیلی جنس ایجنسی کا رابطہ کار بھی تھا۔

جبکہ دوسرے دہشتگرد کا نام وجیہہ اللہ تھا جو ملک دشمن ایجنسیوں کیلئے کام کرتا تھا اور دہشتگردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔

دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کر کے افغان باشندوں سمیت 337 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، رحیم یارخان میں سرچ آپریشن کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم خواتین اور بچوں سمیت 96 افغان باشندوں کو حراست میں لے لیاگیا ہے۔

میانوالی میں سرچ آپریشن میں 53 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیاہے جبکہ لودھراں کے موضع روانی میں23مشتبہ افراد حراست میں لےلیے گئے ہیں۔

حافظ آباد کے علاقہ پنڈی بھٹیاں میں افغان باشندوں سمیت 47 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ سرگودھا میں تین اور وہاڑی میں چھ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

چنیوٹ میں 52 اورمنڈی بہاؤالدین میں 57 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

خیبرایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل میں پولیٹیکل انتظامیہ نے سیکورٹی خدشات کے باعث غیر معینہ مدت تک موٹرسائیکل کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں ایک ہفتے کے دوران دہشت گردی کی پے در پے وارداتوں میں سو سے زیادہ شہریوں کی ہلاکت کے بعد پاک فوج نے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے خلاف رد الفساد کے نام سے ایک نیا سیکورٹی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ملک میں ضرب عضب کے نام سے پہلے ہی ایک آپریشن جاری ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس بلاتفریق آپریشن کا مقصد دہشتگردی کا خاتمہ، اب تک ہونے والی کارروائیوں کے نتائج اور سرحدوں پر سیکورٹی مزید یقینی بنانا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری