دہشت گردی کا اندیشہ / انسداد پولیو مہم ملتوی


دہشت گردی کا اندیشہ / انسداد پولیو مہم ملتوی

دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں انسداد پولیو مہم غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلع شانگلہ کی 5 یونین کونسلز میں 27 فروری سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کو ملتوی کیا گیا ہے۔

شانگلہ کے ایکسٹینڈڈ پروگرام آن امیونائزیشن ڈاکٹر واجد علی نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر شانگلہ کے کی پانچ یونین کونسلز میں انسداد پولیو مہم ملتوی کردی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جن یوسیز میں انسداد پولیو مہم ملتوی کی گئی ہے ان میں مرتونگ، موسیٰ خیل، نصرت خیل، بہلول خیل اور سرکول شامل ہیں اور یہ علاقے ماضی میں دہشت گردوں کا گڑھ رہ چکے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مذکوہ پانچ یوسیز کے علاوہ ضلع کی بقیہ 23 یونین کونسلز میں انسداد پولیو مہم شیڈول کے مطابق ہوگی۔

واجد علی کے مطابق انسداد پولیو مہم کے لیے 596 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 14 ایریا سپروائزر شامل ہیں اور اس دوران ایک لاکھ 46 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

خیال رہے کہ ملک میں گزشتہ 10 روز سے دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کی وجہ سے سیکیورٹی فورسز الرٹ ہیں اور حساس مقامات کی سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔

دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے آسان اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور ماضی میں بھی انسداد پولیو کی ٹیموں پر کئی حملے ہوچکے ہیں۔

ان میں سے زیادہ تر حملے خیبر پختونخوا میں ہوئے ہیں اور پاکستان میں پولیو کو جڑ سے ختم کرنے کی کوششوں کو شدت پسندوں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کی جانب سے شکیل آفریدی کو انسداد پولیو مہم کے ذریعے القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کا پتہ لگانے کے لیے استعمال کیے جانے کے بعد سے جہاں طالبان نے انسداد پولیو ٹیموں کو نشانہ بنانا تیز کردیا ہے وہیں آج بھی پاکستان کے قبائیلی علاقوں میں موجود اسامہ بن لادن کے حامی لوگ ڈاکٹر شکیل آفریدی کی وجہ سے پولیو کے قطرے پلانے والوں کے خلاف ہیں۔

یاد رہے کہ 2011ء میں ڈاکٹر شکیل آفریدی نے پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیم کا حصہ بن کر ایبٹ آباد میں امریکہ کے لئے اسامہ بن لادن کی مخبری کی تھی۔ اس وقت شکیل آفریدی پشاور میں  33سال کی جیل کاٹ رہا ہے جس کی وجہ سے پاک امریکہ تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔

امریکہ نے سال 2014ء میں پاکستان کو ملنے والی 33 میلین ڈالر امداد کو شکیل آفریدی کی رہائی سے مشروط کیا تھا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری