بھارت، افغانستان اور اسرائیل پاکستان میں دہشتگردی کر رہے ہیں


بھارت، افغانستان اور اسرائیل پاکستان میں دہشتگردی کر رہے ہیں

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گزشتہ چند سالوں سے بھارت افغانستان اور اسرائیل پاکستان کو اندرونی سطح پر دہشتگردی کرکے کمزور کرنے کی سازش میں ملوث ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گزشتہ چند سالوں سے بھارت افغانستان اور اسرائیل کی خفیہ ایجنسیاں را، این ڈی ایس اور موساد پاکستان میں دہشتگرد کارروائیاں کر رہی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں افغانستان کی خفیہ ایجنسی این ڈی ایس ،اسرائیل کی موساد اور بھارتی خفیہ ایجنسی را مقامی سہولت کاروں کی مدد سے بم دھماکوں میں ملوث ہیں جو کہ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان میں موجود بھارتی قونصل خانوں میں خودکش دھماکوں سمیت دہشتگردی کی باقاعدہ تربیت دی جاتی ہے۔

خود کش بم دھماکوں میں استعمال ہونے والے افغانی نو عمر بچوں کو دیہی علاقوں سے جہاد کے نام پر بھرتی کرکے دھماکے کروائے جاتے ہیں۔

علاوہ ازیں تینوں خفیہ ایجنسیوں نے پاکستان کے اندر سینکڑوں ایسے گروپ بنا رکھے ہیں جو بے روزگار اور جرائم پیشہ افراد کا ڈیٹا اکٹھا کرکے ہیڈ کواٹرز روانہ کرتے ہیں۔

جبکہ دوسرا گروپ ان افراد کو جہاد کے نام پر افغانستان لے کر جاتے ہیں جہاں ان کی برین واشنگ کر کے دہشتگردی کی باقائدہ ٹریننگ دی جاتی ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت سندھ ، کوئٹہ اور پشاور کے راستے اپنے دہشتگردوں کو پاکستان میں بھیج کر بے گناہ لوگوں کے قتل کروا رہا ہے۔

دھیان رہے کہ بھارت، افغانستان اور اسرائیل کے تعلقات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان واٹر اینڈ پاور ایکشن کمیٹی اور متحدہ کسان محاذ کے سربراہ ایوب خان میو نے گزشتہ دنوں تسنیم نیوز کو بتایا تھا کہ سی آئی اے، موساد، را اور این ڈی ایس ملکر افغانستان کی سرزمین پر پاکستان کے خلاف گھناؤنی سازشوں میں مصروف ہیں۔

13 فروری کو مال روڈ لاہور میں ہونے والے خودکش دھماکے کے تانے بانے افغانستان سے ملنے کے بعد پاکستان نے افغان سرحد پر فوجی کارروائیوں میں بہت سے دہشتگرد ہلاک کیئے ہیں۔

پاک فوج کی اس کارروائی پر جہاں افغانستان نے احتجاج کیا وہیں بھارت بھی میدان میں آ گیا اور کسی بھی ملک کی طرف سے افغانستان پر حملے کو بھارت پر حملہ قرار دے دیا۔

اسی طرح اگر بھارت اور اسرائیل کے تعلقات کی بات کریں تو دور کیا جانا، بھارت اور اسرائیل کے بیچ اربوں روپے کے میزائل کے معاہدے طے پانے کی خبر آج ہی دنیا بھر کے اخباروں کی زینت بنی ہے۔

یہ دو دلائل بھارت، افغانستان اور اسرائیل کے قریبی تعلقات کی فقط ایک جھلک ہے جس کی تفصیل پاکستان میں ہونے والے دھماکوں کی گونج میں بخوبی سنی جا سکتی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری