مقبوضہ کشمیر میں ایک اور بھارتی فوجی کی خودکشی


مقبوضہ کشمیر میں ایک اور بھارتی فوجی کی خودکشی

مقبوضہ کشمیر میں طویل ڈیوٹیوں اور سختیوں کے باعث بھارتی فوجی بیزار ہو گئے ہیں اور اسی وجہ سے ایک فوجی نے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، مقبوضہ کشمیر میں ضلع پونچھ کی تحصیل مینڈھر کے علاقے منکوٹ میں قائم فوجی کیمپ میں ایک بھارتی فوجی نے آج صبح اپنی ہی سروس رائفل سے خود پر گولی چلا کر خود کشی کرلی۔

200 ویں بٹالین سے تعلق رکھنے والے بارڈر سیکیورٹی فورس کے ایک اہلکار پریمود کمار نے سوناوالی گلی پوسٹ پر خود پر گولی چلاکر خودکشی کرلی۔

ذرائع کے مطابق بھارتی فوجی کی جانب سے خودکشی کئے جانے کی وجہ مایوسی اور عدم اطمینان بتائی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی خودکشی کے واقعات نئے نہیں ہیں۔

اس تازہ واقعے کے بعد جنوری 2007ء سے اب تک مقبوضہ کشمیر میں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجی اور پولیس اہلکاروں کی تعداد 378 تک پہنچ گئی ہے۔

اس حساب سے مقبوضہ کشمیر میں اوسطا سالانہ قریبا 38 بھارتی اہلکار اپنی زندگی کا اپنے ہی ہاتھوں خاتمہ کر لیتے ہیں۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری