ملک بھر میں کارروائیاں جاری، افغانیوں سمیت سینکڑوں مشکوک افراد گرفتار


ملک بھر میں کارروائیاں جاری، افغانیوں سمیت سینکڑوں مشکوک افراد گرفتار

آپریشن رد الفساد کے تحت ملک بھر میں جاری کارروائیوں میں متعدد افغان اور ازبک باشندوں سمیت سیکڑوں افراد گرفتار کر لئے گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، دہشت گردی کے پے درپے واقعات کے بعد شروع کیے گئے آپریشن ردالفساد کے تحت ملک بھر میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

* سرگودھا، لودھراں اور وہاڑی سے 100سے زائد مشتبہ افراد اور افغان باشندے گرفتار کرلئے جبکہ بنوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کرکے 75 افراد گرفتار کیے ہیں جن سے اسلحہ، بارود اور منشیات بھی برآمد کی گئی ہے۔ ادھر کوئٹہ سے 12افغان باشندے پکڑے گئے ہیں۔

* اسی طرح کشمور میں پولیس نے کرم پور، جمال، غوث پور سمیت دیگر علاقوں میں کومبنگ آپریشن کیا، جس کے دوران 12 افغان، ایک وزیرستانی سمیت 20 مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا۔

* نوشہرو فیروز میں غیر قانونی مقیم 2 غیرملکیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

* سرگودھا میں اندرون شہر پرانے کپڑوں کے بازار اورباڑہ مارکیٹ کے علاوہ نواحی علاقوں میں کومبنگ آپریشن کیا گیا، اس دوران 300 سے زائد گھروں کی تلا شی لی گئی جبکہ 80 سے زائد افراد کا بائیو میٹرک سسٹم سے کوائف نامہ چیک کیا گیا اور 2 افغان باشندوں سمیت 31 مشتبہ افراد کو حراست میں لےلیا گیا۔

* ڈیرہ غازی خان میں رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران 4 افراد کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا، بہاول پور میں 10 افغانیوں سمیت 11 افراد گرفتار کرلیے۔ گرفتار افغانیوں میں سے چند کے پاس زائدالمیعاد شناختی کارڈ بھی موجود تھے۔

* بھکر میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 28 افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ چنیوٹ پولیس نے 8 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

* بنوں میں رات بھر شہر اور مضافات میں پولیس نےسرچ آپریشن کرکے 75 مشتبہ افراد کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔

* کراچی میں پولیس نے قانونی دستاویزات مکمل نہ ہونے پر20 افغان بانشدوں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ ایس پی گلبرگ بشیر بروہی کے مطابق گرفتار غیر ملکیوں میں افغانی، ازبک اور غیرقانونی طور پر مقیم بنگالی شامل ہیں۔

* آپریشن رد الفساد کے تحت شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کارروائی کر کے بھاری مقدار میں گولہ بارود اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل کے گاﺅں شیرانی میں پاک فوج نے کارروائی کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد یہ اسلحہ شیرانی گاﺅں میں چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری