شیعہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کو تختہ دار پر لٹکایا جا ئے، علامہ عارف واحدی


شیعہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کو تختہ دار پر لٹکایا جا ئے، علامہ عارف واحدی

شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے ڈیرہ اسما عیل خان کے علاقے پرویا میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تسلسل کے ساتھ ہونےوالی ٹارگٹ کلنگ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے.

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے ڈیرہ اسما عیل خان کے علاقے پرویا میںنامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں ثقلین عباس ولد شہید مختار احمد (متولی)،جمیل ولد رمضان، علی رضا ولد بشیر کی ٹارگٹ کلنگ پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں تسلسل کے ساتھ ہونےوالی ٹارگٹ کلنگ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے اور خیبر پختونخواہ کی حکومت اور ریاستی ادارے ڈیرہ اسماعیل خان کی عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ دہشت گرد انسانیت اور امن کے دشمن ہیں، دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں، دہشتگردی سے عوام سے لے کر اعلیٰ افسران تک کوئی محفوظ نہیں، ایک سازش کے تحت ملک کے حالات خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، عوام متحد ہوکر ملک دشمنوں کے عزائم خاک میں ملائیں۔

علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا تھا کہ اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھی ڈیرہ اسماعیل خان پرویا میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ واقع کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے افسوس ناک واقع پر انتہائی دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے اور اس موقع پر علامہ ساجد نقوی کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں تسلسل کے ساتھ شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ ناقابل برداشت ہے۔ ریاستی ادارے شہریوں کے تحفظ فراہم کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ ضرب عضب اور آپریشن زد الفساد کے ہوتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات کا رونما ہونا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ شہداء کے قاتلوں کو قانون کے کٹہر ے میں لا کر تختہ دار پر لٹکایا جائے۔

علامہ عارف واحدی کاکہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات میں کمی نہیں آرہی اور آئے روز دہشت گردی کی وارداتوں سے یہ بات واضح ہوتی جارہی ہے کہ دہشت گرد ملک میں امن کے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک دشمن عناصر ایک سازش کے تحت وطن عزیز میںدہشتگردی کرکے اپنے مذمو م مقاصد حاصل کرناچاہتے ہیں اس لئے عوام اتحاداور باہمی رواداری و بھائی چارے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک دشمنوں کے عزائم خاک میں ملائیں۔ پورا ملک بد امنی کی تصویر بنا ہوا ہے اس لئے اب وقت ہے عوام کو اصل حقائق سے آگاہ کیا جائے کیونکہ جب تک دہشت گردوں کے سرپرستوں کو بے نقاب کرکے انہیں کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جاتا اس وقت تک ملک میں امن و استحکام کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

انہوںنے کہا کہ اسلام رواداری، برداشت، تحمل اور امن کا مذہب ہے اور اقلیتوں سے بھی حسن سلوک کا درس دیتاہے۔

اس موقع پر انہوں نے علمائے کرام اور قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس نازک صورتحال کے پیش نظر رواداری، بھائی چارے اور وحدت کا درس دیں تاکہ ملک میں باہمی محبت و روداری کو فروغ دےکر امن و استحکام قائم کیا جاسکے۔ بعد ازاں انہوںنے مذکورہ واقعات میںشہدا ءکےلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کےلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری