امریکی امیگریشن پالیسیوں کے خلاف ایرانی فلم کی لندن میں بطور احتجاج نمائش + تصاویر


امریکی امیگریشن پالیسیوں کے خلاف ایرانی فلم کی لندن میں بطور احتجاج نمائش + تصاویر

صدر ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں کے خلاف بطور احتجاج لندن میں ایرانی ڈائریکٹر اصغر فرہادی کی آسکر ایوارڈ جیتنے والی فلم فروشندہ (سیلزمین) کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، صدر ٹرمپ کی جانب سے 7 مسلم ممالک پر لگائی گئی سفری پابندی کے خلاف یوں تو عرب ممالک، بھارت اور اسرائیل کے علاوہ پوری دنیا سراپا احتجاج ہے۔ تاہم لندن میں اپنی نوعیت کا ایک انوکھا اور لطیف احتجاج کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، صدر ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں کے خلاف بطور احتجاج لندن میں ایرانی ڈائریکٹر اصغر فرہادی کی آسکر ایوارڈ جیتنے والی فلم فروشندہ (سیلزمین) کی نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ہزاروں افراد نے اس فلم کو نہ صرف دیکھا بلکہ شاندار ڈائریکشن اور اداکاری کے جوہر دکھانے پر مایہ ناز ڈائریکٹر اصغر فرھادی اور ایرانی اداکاروں کو خوب سراہا۔

اس موقع پر لندن کے میئر صادق خان نے کہا کہ صدر ٹرمپ ہمیں خاموش نہیں کراسکتے، ہم ایرانی ڈائریکٹر کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

دوسری جانب تہران سے اپنے ایک وڈیو پیغام میں فرہادی نے لندن کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی جابرانہ پالیسیوں کے خلاف جس طرح ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے وہ اس کے لیے دل سے شکرگزار ہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی ڈائریکٹر اصغر فرہادی کی فلم فروشندہ (سیلزمین) نے غیرملکی زبان کی بہترین فلم کا آسکرایوارڈ جیتا ہے۔

تاہم امریکی صدر کی ایران سمیت دیگر 7 مسلم ممالک پر امریکہ میں داخل ہونے پر پابندی کے فیصلے کی بنا پر ایرانی ڈائریکٹر اصغر فرہادی کو امریکہ کا ویزہ نہیں مل سکا تھا۔

لہذا وہ لاس اینجلس میں ہونے والی اس تقریب میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری