ای سی او سمٹ: ایران کے ساتھ ساتھ ترک صدر بھی شرکت کریں گے


ای سی او سمٹ: ایران کے ساتھ ساتھ ترک صدر بھی شرکت کریں گے

یکم مارچ کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے سربراہی اجلاس میں ایران کے ساتھ ساتھ ترک صدر بھی شرکت کریں گے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، یکم مارچ کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے سربراہی اجلاس میں ایرانی اور ترک صدور شرکت کریں گے، تاہم افغان صدر اشرف غنی کی بجائے اس اجلاس میں افغان وزیرخارجہ شریک ہونگے۔
 
ذرائع کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے وزیراعظم نواز شریف کی دعوت پر کل 28 فروری کو اسلام آباد پہنچیں گے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے رواں ماہ 10 فروری کو ایران کے صدر حسن روحانی سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے انہیں انقلاب اسلامی کی 38ویں سالگرہ پر مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ یکم مارچ کو اسلام آباد میں ہونیوالے اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی تھی۔

جوابا ایران کے صدر نے یقین دلایا تھا کہ ان کا ملک کانفرنس میں بھرپور طریقے اور مثبت انداز میں شرکت کرے گا۔

دھیان رہے کہ  ایرانی صدر حسن روحانی کا پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہوگا، وہ قبل ازیں گزشتہ سال بھی پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔

دوسری جانب ترک صدر اقتصادی تعاون تنظیم سمٹ میں شرکت کیلئے یکم مارچ کو پاکستان آئیں گے۔

ترک صدر اقتصادی تعاون تنظیم سمٹ میں شرکاء سے خطاب کے علاوہ شرکاء لیڈروں سے مذاکرات بھی کریں گے جن میں دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی و بین الااقوامی پیش رفت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ افغان صدر اشرف غنی کی بجائے اس اجلاس میں افغان وزیرخارجہ شریک ہونگے۔

اسلام آباد میں ہونے والے اقتصادی تعاون کے اجلاس میں 2025 تک کا اقتصادی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ  اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کا سربراہی اجلاس  یکم مارچ 2017 کو  اسلام آباد میں منقعد ہو رہا ہے۔

10 رکن ریاستوں کی اکثریت اس میں شرکت کی تصدیق کر چکی ہے۔

اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی بنیاد 1985 میں ایران، ترکی اور پاکستان نے رکھی تھی اور اب آذربائیجان، ترکمانستان، ازبکستان، تاجکستان، کرغیزستان، قازقستان اور افغانستان بھی اس کے ارکان ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری