فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی اور عامر لیاقت کی گرفتاری اور نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم


فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی اور عامر لیاقت کی گرفتاری اور نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی اور عامر لیاقت کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ ان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی اور عامر لیاقت کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا حکم دے دیا۔

اس کے ساتھ ہی پولیس کو 15 دن کی مہلت دے کر حکم دیا ہے کہ ان تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے ماورائے عدالت پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ گذشتہ برس 22 اگست کو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کی جانب سے پاکستان مخالف تقریر اور میڈیا ہاؤس پر حملوں میں سہولت کاری پر فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی اور عامر لیاقت حسین سمیت دیگر پر کراچی کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔

ملزمان متعدد مرتبہ پیشیوں کے باوجود بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ان ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر رکھے ہیں۔

آج مذکورہ کیس کی سماعت کے دوران انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تفتیشی افسر کی رپورٹ پر فاروق ستار، عامر لیاقت حسین اور خالد مقبول صدیقی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ پولیس اس حکم نامے پر عملدرآمد کروائے۔

دوسری جانب عدالت نے پولیس کو ملزمان کو 15 دن میں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 13 مارچ تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ 22 اگست 2016 کو کراچی پریس کلب پر بھوک ہڑتال کیمپ میں بیٹھے ایم کیو ایم کارکنوں سے خطاب کے دوران الطاف حسین نے ملک مخالف نعرے لگوائے تھے، جس کے بعد کارکن مشتعل ہوگئے اور انھوں نے ریڈ زون کے قریب ہنگامہ آرائی کی تھی۔

اس دوران کچھ کارکن نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے دفتر میں گھس گئے اور وہاں نعرے بازی کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی جب کہ فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔

اس واقعے کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار نے بانی ایم کیو ایم سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی کے معاملات کو پاکستان سے سنبھالنے کا اعلان کیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری