پاک ایران جوائنٹ بارڈر کمیشن کا اجلاس / تفتان سرحد 24 گھنٹے کھلی رکھنے پر اتفاق


پاک ایران جوائنٹ بارڈر کمیشن کا اجلاس / تفتان سرحد 24 گھنٹے کھلی رکھنے پر اتفاق

ایرانی شہر چابھار میں پاک ایران جوائنٹ بارڈر کمیشن کا بیسواں اجلاس ختم ہوگیا، تین روزہ اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان اہم سرحدی امور طے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، ایرانی شہر چابھار میں جاری پاک ایران جوائنٹ بارڈر کمیشن کا بیسواں اجلاس ختم ہوگیا ہے۔

 تین روزہ اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان اہم سرحدی امور طے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ممالک منشیات اور اسلحہ کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے بھرپور اقدامات کریں گے۔

پاک ایران جوائنٹ بارڈر کمیشن کے بیسویں اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے کی جبکہ ایرانی وفد کی قیادت ڈپٹی گورنر سیستان و بلوچستان علی اصغر میر شکاری نے کی۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک سرحد پر ہونے والے تمام واقعات کی بروقت اطلاع دیں گے اور اس کی تحقیقات کریں گے۔

علاوہ ازیں سرحدی تنازعات طے کرنے کیلئے مختلف کمیٹیاں بنانے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کیلئے تمام سطح پر ہاٹ لائنز قائم کرنے، پاک ایران سرحد پر نئی مارکیٹس کھولنے، چار نئے امیگریشن پوائنٹس کھولنے اور مسافروں کے لئے تفتان بارڈر 24 گھنٹے کھلا رکھنے کیلئے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں چابھار سے گوادر کے راستے کراچی تک شپنگ لائن شروع کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔

اس 3 روزہ اجلاس میں پاکستانی وفد نے صوبہ سیستان و بلوچستان میں واقع چابھار بندرگاہ اور سمندری تنصیبات کا بھی دورہ کیا۔

دوسری جانب ایرانی وفد کے سربراہ علی اصغر میر شکاری نے اس حوالے سے بتایا کہ دونوں ممالک نے پانچ ٹیم تشکیل دی ہیں جس کا مقصد سرحدی اجلاس میں اتفاق پانے والے موضوعات پر عمل درآمد کو تیز کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ سرحدی کمیٹی کا 21واں اجلاس ستمبر میں پاکستانی بندرگارہ گوادر میں منعقد کیا جائے گا.

یاد رہے کہ ایران پاکستان مشترکہ سرحدی کمیشن کا 19واں اجلاس گزشتہ سال صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں منعقد ہوا تھا۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری