پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہوگا / فیکا کی مخالفت


پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہوگا / فیکا کی مخالفت

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل پانچ مارچ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہی منعقد کروانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے تاہم فیکا نے اسے ہائی سیکورٹی رسک قرار دیکر اس فیصلے کی مخالفت کی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، ملک میں دہشتگردی کے تازہ واقعات کے باوجود پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل پانچ مارچ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہی منعقد کروانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان سپر لیگ کی پانچوں فرنچائزز ٹیموں کے اجلاس میں کیا گیا جو پیر کو دبئی میں پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی کی صدارت میں ہوا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے یہ اعلان کرچکا تھا کہ وہ ہر قیمت پر فائنل لاہور میں کرائے گا تاہم پاکستان کے مختلف شہروں میں حالیہ خود کش دھماکوں کے بعد لاہور میں فائنل کے انعقاد کے بارے میں شکوک و شبہات ظاہر کیے جا رہے تھے۔

اس صورتحال میں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی فائنل کے انعقاد میں فوج کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔

پیر کو ہونے والے اجلاس میں تمام پانچوں فرنچائزز مالکان نے فائنل کے پاکستان میں انعقاد کی حمایت کی اور یہ کہا ہے کہ اس وقت قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں یہ فائنل لاہور میں ہی کرایا جائے۔

اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے تمام فرنچائزز سے کہا ہے کہ وہ غیر ملکی کرکٹرز کو لاہور میں فائنل کھیلنے کے لیے قائل کرنے کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔

دوسری جانب کرکٹرز کی ایسوسی ایشنز کی فیڈریشن فیکا نے ایک بار پھر لاہور میں فائنل کے انعقاد کو سیکورٹی کا خطرہ قرار دے دیا ہے۔

فیکا کے چیف ایگزیکٹیو ٹونی آئرش نے پیر کو ایک بیان میں کہا ہے کہ لاہور میں سیکورٹی کا خطرہ موجود ہے اور فیکا نے اس ضمن میں تمام کرکٹرز کو 'ہائی سیکورٹی رسک' سے آگاہ کر دیا ہے اب یہ ان کرکٹرز پر منحصر ہے کہ وہ لاہور جانے کے بارے میں کیا فیصلہ کرتے ہیں۔

فیکا نے پاکستان سپر لیگ کے آغاز پر بھی ایک تفصیلی رپورٹ جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ غیر ملکی کرکٹرز لاہور کا سفر اختیار کرنے سے گریز کریں لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس رپورٹ کو یہ کہہ کر مسترد کردیا تھا کہ یہ حقائق پر مبنی نہیں ہے۔

اسی طرح  پاکستان کی قومی کرکٹ کے سابق کپتان عمران خان نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل لاہور میں کرانا بہت بڑا رسک ہے اور لاہور میں فائنل سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا  کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کا خواہشمند مجھ سے زیادہ کوئی نہیں ہے لیکن لاہور میں پی ایس ایل فائنل کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سٹیڈیم کے اردگرد سخت سیکورٹی حصار پاکستان میں سیکورٹی کے خطرے کو بڑھا دے گا اور اس سے ایسا لگے گا کہ پاکستان میں سیکورٹی کا اب بھی مسئلہ ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ خدانخواستہ اگر کوئی بھی واقعہ پیش آگیا تو ہمیں انٹرنیشنل کرکٹ کو پاکستان میں 10 سال کیلئے خداحافظ کہنا پڑے گا۔

جبکہ انگلش کمنٹیٹر ایلن وکنز کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانا اچھا فیصلہ ہے۔ انہوں نے پاکستانیوں کو پی ایس ایل کی مبارکباد بھی دی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری