برطانیہ اور جرمنی کے بعد پولینڈ کی بھی سی پیک کا حصہ بننے میں دلچسپی


برطانیہ اور جرمنی کے بعد پولینڈ کی بھی سی پیک کا حصہ بننے میں دلچسپی

پاکستان میں پولینڈ کے سفیر پیو ٹراے اوپلنسکی نے کہا ہے کہ پولینڈ عظیم پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں میں شرکت کا خواہاں ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، ایشائی ممالک کے ساتھ ساتھ سی پیک منصوبہ یورپی ممالک کی توجہ کا بھی مرکز بنتا جا رہا ہے، اسی زمرے میں برطانیہ اور جرمنی کے بعد اب پولینڈ نے بھی پاک چین اقتصادی راہداری کا حصہ بننے میں دلچسپی ظاہر کر دی ہے۔

پاکستان میں پولینڈ کے سفیر پیو ٹراے اوپلنسکی نے کہا ہے کہ پولینڈ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں میں شرکت کا خواہاں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک فریم ورک میں پاکستان کیلئے اقتصادی ترقی کے وسیع مواقع ہیں۔

پرسٹن یونیورسٹی میں پاک پولینڈ تعلقات کے حوالے سے ایک لیکچر کے دوران پولش سفیر نے کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تعلقات 1947سے قائم ہیں اور آزادی کے فورا بعد سے ہی دونوں ملکوں کے مابین اہم دفاعی شعبوں میں تعاون کا آغاز ہو گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام انتہائی باصلاحیت اور پاکستانی مصنوعات بھی معیاری ہیں۔

پاکستانی مصنوعات کے معیار کو سراہتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یورپی منڈیوں میں پاکستان سرجیکل، سپورٹس، ٹیکسٹائل، لیدر مصنوعات اور باسمتی چاول کی بہت مانگ ہے۔

اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تجارت میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملک دہشت گردی اور شدت پسندی کیخلاف مل کر کام کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سی پیک کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

پولینڈ سے قبل ایران، سعودی عرب، مصر، برطانیہ اور جرمنی جیسی مضبوط معاشی طاقتیں اس منصوبے کا حصہ بننے میں دلچسپی ظاہر کر چکی ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری