سرتاج عزیز کا اقتصادی تعاون تنظیم کو اقتصادی اتحاد میں تبدیل کرنے پر زور


سرتاج عزیز کا اقتصادی تعاون تنظیم کو اقتصادی اتحاد میں تبدیل کرنے پر زور

وزراء کی کونسل کے 22ویں اجلاس کی چیئرمین شپ کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد اپنے خطاب میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے انسانی اور مادی وسائل کو مکمل طور پر بروئے کار لاتے ہوئے اقتصادی تعاون تنظیم کو ایک موثر اقتصادی اتحاد میں تبدیل کرنے کے لئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو اقتصادی تعاون تنظیم کی وزارتی کونسل کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے اقتصادی تعاون تنظیم کے لئے ایسے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی بھی کی جو تنظیم کو ایک مضبوط اقتصادی اتحاد میں تبدیل کرنے کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لئے معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ بین العلاقائی تجارت پر بھی فوری توجہ دی جانی چاہئیے جس کا حجم دستیاب مواقع سے بہت کم ہے۔

انہوں نے اقتصادی  تعاون تنظیم کے تجارتی معاہدے پر عملدرآمد، تجارتی اور غیرتجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے اور خطے میں آزادانہ تجارتی علاقہ قائم کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کا قیام اور اسے بہتر بنانا حکومت کی توجہ کا محور ہے انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے خطے میں تجارتی مواقع بڑھیں گے۔

انہوں نے اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں سے کہا کہ وہ دوسرے ملکوں کو اپنی اشیاء کی تجارت کے لئے گوادر اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کو استعمال کریں.

مشیر خارجہ نے کہا کہ خطے کو کثیر الجہتی چیلنجوں کا سامنا ہے جن میں دہشت گردی، منشیات کی سمگلنگ اور بین العلاقائی منظم جرائم شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن چیلنجوں سے نمٹنے اور خطے کے ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔

گزشتہ چار سال میں ملک کی اقتصادی ترقی کو اجاگر کرتے ہوئے مشیر خارجہ نے کہا کہ تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان انسداد دہشت گردی کی جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اشیاء کی تجارت کے لئے ایک محفوظ راہداری فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں.

انہوں نے اقتصادی تعاون تنظیم کے ایوان صنعت وتجارت کے ذریعے رکن ملکوں کے سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان تعاون بڑھانے کی تجویز  بھی دی۔

انہوں نے خطے میں سائنسی اور فنی تعاون کے فروغ کے لئے رکنیت میں اضافے اور ای سی او سائنس فاونڈیشن کی توثیق کی بھی تجویز دی۔

سرتاج عزیز نے تنظیم کے رکن ملکوں کے درمیان جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے ای سی او پارلیمانی اسمبلی کے پلیٹ فارم کو بروئے کار لانے پر  زور دیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری