حساس اداروں نے پھر کراچی اور لاہور میں سیکورٹی الرٹ جاری کر دیا


حساس اداروں نے پھر کراچی اور لاہور میں سیکورٹی الرٹ جاری کر دیا

حساس اداروں نے کراچی اور لاہور سمیت ملک بھر میں الرٹ جاری کرتے ہوئے سیکورٹی کو سخت کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، قومی سلامتی پر مامور اداروں نے پاکستان کے سب سے گنجان آباد شہر کراچی اور پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں دہشت گردی کے حوالے سے سیکورٹی الرٹ جاری کیا ہے۔

حساس اداروں کے مطابق افغانستان کی طرف سے چار دہشت گردوں کو پاکستان بھیجا جا چکا ہے۔

صوبائی دارالحکومت میں ایک کالعدم مذہبی تنظیم کے 5 دہشتگردوں کے داخلے کی ایک خفیہ رپورٹ پر لاہور پولیس کو آج اور کل اہم مقامات کی سیکورٹی سخت کرنے کا حکم دیا ہے۔ دہشتگردوں کی عمریں 17 سے 22 سال تک بتائی گئی ہیں۔

الرٹ میں اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ دہشتگرد کراچی اور لاہور میں بڑی کارروائی کا ارادہ رکھتے ہیں جس کے بعد اہم عمارات، اسپتالوں، شاپنگ سینٹرز، مزارات سمیت اہم تنصیبات اور اداروں کے دفاتر کی سیکورٹی کو مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ کل 5 مارچ کو لاہور میں پی ایس ایل 2 کا فائنل ہونے جا رہا ہے۔

وزارت داخلہ کے حکم پر آج اور کل صوبے میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرلئے گئے ہیں۔

لاہور میں قذافی اسٹیڈیم سمیت اہم مقامات پر سیکورٹی ہائی الرٹ ہے۔

اسی زمرے میں قذافی اسٹیڈیم کے اطراف 3 کلومیٹر پر پاک فوج رینجرز، سی ٹی ڈی، خفیہ ایجنسیز کے علاقہ پولیس کے جوان اور کمانڈوز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اس وقت دہشتگردی کی ہولناک لپیٹ میں ہے۔

چاروں صوبوں میں پے در پے دہشتگرد حملوں کے بعد پاک آرمی کے چیف جنرل قمر باجوہ کی سربراہی میں حال میں ہی دہشتگردی کے خلاف ایک فوجی آپریشن رد الفساد کا بھی آغاز کیا گیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری