آپریشن رد الفساد ملک بھر میں جاری / چھاپے، گرفتاریاں اور اسلحے کی برآمدگی


آپریشن رد الفساد ملک بھر میں جاری / چھاپے، گرفتاریاں اور اسلحے کی برآمدگی

آپریشن ردالفساد کے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ملک بھر میں جاری کارروائیوں میں متعدد غیرملکیوں سمیت درجنوں مشکوک افراد گرفتار کئے جا رہے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاکستان کے دہشتگردی کی لپیٹ میں آجانے کے بعد ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے کی طرف سے مختلف واقعات میں مختلف شہروں سے درجنوں مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن کی تفصیلات ذیل میں پڑھئے۔

* حافظ آباد اور بھکر سے 30 سے زائد ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں پولیس نے سرچ آپریشن کرکےکئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ حافظ آباد میں کسوکی کے علاقے میں پولیس نے کومبنگ آپریشن کیا جس کے دوران 3ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

* ادھر چنیوٹ میں پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کیں جس میں پولیس اور ایلیٹ فورسز نے حصہ لیا۔ اس دوران سرچ آپریشن میں 123 مشکوک افراد کی بائیومیٹرک تصدیق کی گئی اور ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

* جبکہ بھکر میں حیدرآباد تھل اور بہل میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے سرچ آپریشن کے دوران 23 افراد کو حراست میں لے لیا۔

* کراچی میں بلدیہ ٹاؤن کے علاقے مدینہ کالونی میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا جس میں خواتین اہلکاروں سمیت بیس سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔ سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی۔ اتحاد ٹاؤن سے پولیس نے منشیات فروش کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی۔

* سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے چوٹ کیمپ اور کاہان میں  سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ برآمد ہوا ہے۔

* ذرائع کے مطابق ایف سی بلوچستان کی کارروائی میں برآمد ہونے والے اسلحے و بارود میں 24 دستی بم، 4900 راؤنڈز، چھوٹی مشین گن کی 4 ہزار 500 گولیوں سمیت مختلف بور کے ہتھیاروں اور گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ بھی شامل ہے۔

* خیبر ایجنسی میں جمرود شاہ کس اور دیگر علاقوں میں آپریشن ردالفَساد کے سلسلے میں سیکورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن کیا۔ فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔ سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کر لیا۔

دہشت گردوں سے مقابلے کے بعد فورسز نے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا جس کے دوران غیرقانونی طور پر مقیم 29 افغان باشندے گرفتار کر لئے گئے۔ ان سے بھی اسلحہ برآمد کیا گیا۔

* لکی مروت سے کالعدم تنظیم کے 2 مبینہ سہولت کار رحیم جان اور محمد اسماعیل کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کالعدم تنظیم کیلئے چندہ اکھٹا کرتے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری