امت مسلمہ کی کامیابی و ترقی کا محور حب اہل بیت ہے، اظہار بخاری

امت مسلمہ کی کامیابی و ترقی کا محور حب اہل بیت ہے، اظہار بخاری

معروف مذہبی سکالر علامہ پیر سید اظہار بخاری نے کہا ہے کہ محبت اہل بیت و رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے ہٹ کر ہم نفرت کی منڈیاں کھولنے والے، فرقہ پرستو ں میں اسلام تلاش کرنے لگ گئے جبکہ ملک ایک بار پھر سادات خاندان سے بقی کی قربانی مانگ رہا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق حُسینیہ کانفرنس میں حُب اہل بیت علیہم السلام پر خطاب کرتے ہوئے معروف مذہبی سکالر علامہ پیر سید اظہار بخاری نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کی کامیابی و ترقی کا محور محب اہل بیت علیہم السلام ہے۔ حُب رسول ؐ ، حُب اہل بیت رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی محبت میں بڑھ جانا، اختلاف نہیں اخوت کہلاتا ہے۔ محبت اہل بیت علیہم السلام کے بغیر ہماری زندگی بے جان تلاش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سیرت اہل بیت علیہم السلام سے رُخ موڑ کر مادی ترقی سے دل لگایا، تو اللہ تعالی نے بھی آسمانی فرشتوں کو روک لیا۔ محبت رسول و اہل بیت رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے ہٹ کر ہم نفرت کی منڈیاں کھولنے والے، فرقہ پرستوں میں اسلام تلاش کرنے لگ گئے۔ ہمیں بیٹھے بیٹھایا دین مل گیا، اس لیے ہمارے دلوں میں دین کی قدر نہیں، دین اسلام کی قدر حضرت علی علیہ السلام سے میدان کربلا تک اسوہ اھل بیت علیہم السلام کے کردار میں نظر آتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیاسہ حُسین علیہ السلام لہو سے فصل اسلام لگاتے ہیں، ہم خون بہا کر نسل مسلم برباد کرتے ہیں۔

اظہار بخاری نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سادات خاندان کو متحد ہو نا ہوگا۔ خاندان رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی لڑی میں پروئے ہوئے سادات اپنے ناناؐ کے مشن کو پھیلانے کیلیے میدان عمل میں آئیں۔ ملک ایک بار پھر سادات خاندان سے بقی کی قربانی مانگ رہاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کئی سالوں سے دھشتگردی کی زد میں رہ کر جرأتمندی سے دھشتگردوں کا مقابلہ کر رہا ہے۔ ملک میں جاری دھشتگردی، لاقانونیت، ناانصافی، مہنگائی جیسے مسائل نے وطن عزیز کی بنیادیں کھوکھلی کر دی ہیں۔

انہوں نے تاکید کی کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کیلیے ملک بھر کے سادات خاندان کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر ایک کلیدی کردار ادا کر نا ہو گا۔ اسلام میں دیگر قوموں کی طرح افضل قوم سادات ہے۔ خدا تعالی نے برادریاں لڑائی جھگڑے نہیں، تعارف کیلیے بنائی ہیں۔ مسلمان کی بنیاد محبت و اتحاد ہے۔ آپس کی نفرتیں خاندانوں کو برباد کر دیتی ہیں۔ سادات برادری کا اتحاد باقی برادریوں کیلیے ایک مثال ہونا چاہیے۔ خاندان رسول ؐ کے بکھرے موتیوں کو آپس میں جوڑنے کی ضرورت ہے۔ جس آبادی کو اچھی برادری مل جائیں، وہ بربادی سے محفوظ ہو جاتی ہیں۔ کلمے کی بنیاد پر قائم ہونے والی اس سرزمین کی سلامتی و بقی کیلیے اپنے آباؤ اجداد کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے وطن عزیز کو مشکلات سے نکالنا ہو گا۔ حُب اہل بیت و رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا تقاضہ بھی یہ ہے کہ ہم اپنی صفوں میں انتشار اور نفرت کی بد بو پیدا نہ ہونے دیں۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری