صومالیہ: شدید خشک سالی اور قحط کے باعث 48 گھنٹوں میں 110 افراد جاں بحق


صومالیہ: شدید خشک سالی اور قحط کے باعث 48 گھنٹوں میں 110 افراد جاں بحق

صومالیہ میں شدید خشک سالی اور قحط کے باعث گزشتہ 48 گھنٹوں میں 110 افراد ہلاک ہوگئے، جب کہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، صومالیہ کے وزیر اعظم حسن علی کھائرے نے مرنے والے افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شدید خشک سالی کے باعث لاکھوں لوگوں کی زندگی خطرے سے دوچار ہے۔

صومالیہ کی حکومت نے گزشتہ ماہ 28 فروری کو خشک سالی کو قومی آفت قرار دیا تھا، جس کے بعد پہلی بار حکومت نے سرکاری سطح پر خشک سالی کے باعث ہلاکتوں کی تصدیق کی۔

واضح رہے کہ خشک سالی کی قومی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم حسن علی کھائرے نے بتایا کہ قحط سے مرنے والے تمام افراد کا تعلق ملک کے جنوب مغربی علاقے سے ہے۔

اقوام متحدہ (یو این) کےاعداد و شمار کے مطابق افریقہ کے اس خطے کے 50 لاکھ افراد کو مدد کی ضرورت ہے، جہاں خطرناک قحط کا اندیشہ موجود ہے۔

یاد رہے کہ صومالیہ ان چار ممالک میں سے ایک ہے، جن کے لیے گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے تباہ کن بھوک اور قحط سالی سے نمٹنے کے لیے 4 ارب 4 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا تھا۔

جن دیگر تین ممالک کے لیے امداد کا اعلان کیا گیا تھا ان میں نائیجیریا، یمن اور جنوبی سوڈان شامل ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری