افغان نائب سفیر کی دفتر خارجہ طلبی / پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے کیخلاف شدید احتجاج


پاکستانی چیک پوسٹوں پر گزشتہ رات کے حملے کے بعد افغان نائب سفیرعبدالناصر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا ہے اور حملے کیخلاف شدید احتجاج کیا گیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، گزشتہ رات پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے کے بعد افغان نائب سفیرعبدالناصر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا ہے اور حملے کیخلاف شدید احتجاج کیا گیا۔

دفتر خارجہ نے افغان نائب سفیر کو طلب کیا اور احتجاجی مراسلہ تھمایا۔

احتجاجی مراسلے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشتگردوں کے حملے کیلئے استعمال ہو رہی ہے، افغانستان واقعے کی تحقیقات کر کے پاکستان کو آگاہ کرے۔

پاکستان دفتر خارجہ نے پاکستانی چیک پوسٹوں پر دہشت گردوں کے سرحد پار حملے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے بہادر فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مہمند ایجنسی میں افغانستان سے دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے شہادت پانے والے جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بہادر فوجی جوانوں نے وطن کے دفاع کے لیے جان قربان کی۔

دوسری جانب وزیراعظم میاں نواز شریف نے مہمند ایجنسی میں دہشتگردوں کے حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردوں کی خام خیالی ہے کہ وہ پاکستانی قوم کے حوصلے متزلزل کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات افغانستان سے دہشتگردوں کے پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے کے نتیجے میں 5 جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ 10 دہشگرد ہلاک ہوگئے تھے۔