کراچی: سی ٹی ڈی مقابلے میں لشکر جھنگوی کا ہائی پروفائل دہشتگرد ہلاک، 4 گرفتار


کراچی: سی ٹی ڈی مقابلے میں لشکر جھنگوی کا ہائی پروفائل دہشتگرد ہلاک، 4 گرفتار

پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی کے علاقے کورنگی میں کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے ایک دہشت گرد کو ہلاک جبکہ 4 کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے انچارج راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ کراچی کے علاقے مہران ٹاؤن میں کالعدم لشکر جھنگوی کے مبینہ دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا گیا۔

راجہ عمر خطاب کے مطابق چھاپے کے دوران مبینہ دہشت گردوں اور سی ٹی ڈی ٹیم میں فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گیا، جبکہ 4 کو گرفتار کرلیا گیا۔

سی ٹی ڈی انچارج راجہ عمر خطاب نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث ہیں۔

ایس پی سی ٹی ڈی عمر شاہد حیات نے بتایا کہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت دلدار عرف چاچا کے نام سے ہوئی جو کالعدم تنظیم کے سلیپر سیل کا انچارج تھا اور بم بنانے کا ماہر تھا۔

دوسری جانب انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس اللہ ڈنو خواجہ نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی ٹیم کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا۔

یاد رہے کہ ملک میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد گذشتہ ماہ 22 فروری کو پاک فوج نے ملک بھر میں آپریشن رد الفساد شروع کرنے کا فیصلہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت لاہور میں سیکیورٹی اجلاس میں کیا گیا تھا۔

جس کا مقصد ملک بھر کو اسلحہ سے پاک کرنا، بارودی مواد کو قبضے میں لینا، ملک بھر میں دہشت گردی کا بلاامتیاز خاتمہ اور سرحدی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری