کویت میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب؛

نواز شریف: عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کا اعتراف کیا ہے

خبر کا کوڈ: 1348015 خدمت: پاکستان
نواز شریف

وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کی مثبت اقتصادی ترقی کا اعتراف کیا ہے اور ہماری درجہ بندی کو بہتر کیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، کویت میں مقیم پاکستانیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے اہم اقتصادی اشاریوں سے بھی پاکستان کی معاشی بہتری کی عکاسی ہوتی ہے اور پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کو دنیا کی ایک بہترین سٹاک مارکیٹ سمجھا جاتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے لئے بجلی کے متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں اور اب لوڈشیڈنگ یومیہ چودہ سے سولہ گھنٹے سے کم ہوکر تین سے چار گھنٹے رہ گئی ہے۔

محمد نوازشریف نے کہا کہ پچاس ارب ڈالر مالیت کے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت توانائی کی پیداوار پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے صنعتوں کو چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے جس کے ملکی پیداوار اور برآمدات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

دہشت گردی کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ عوام اور سیکورٹی فورسز نے اس ناسور کے خاتمے کے لئے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

اس سے پہلے وزیراعظم نے کویت کی ممتاز کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے علاقائی روابط اور تجارت کے وسیع امکانات پیدا ہوئے ہیں۔

انہوں نے کویت کی کمپنیوں کے سی ای اوز کو بتایا کہ ان کی حکومت ون ونڈو آپریشنز کے ذریعے سرمایہ کاروں کوسہولتیں فراہم کررہی ہے جس سے کاروباری سرگرمیوں میں آسانی پیدا ہو رہی ہے۔

مزید براں وزیراعظم نے کویتی چیمبر آف کامرس کے ارکان سے بھی ملاقات کی اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔

وزیراعظم نے انہیں بتایا پاکستان میں سرمایہ کاری کے انتہائی وسیع مواقع موجود ہیں۔ جس سے کویتی سرمایہ کاروں کو فائدہ اٹھانا چاہئے۔

کویتی سرمایہ کاروں نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم نے ممتاز کویتی کمپنیوں کے سربراہوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں پاکستان میں اقتصادی زون قائم کرنے کی دعوت دی۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری