افغان سفیر کا دباؤ / پاک افغان سرحد دو روز کیلئے کھل گئی


افغان سفیر کا دباؤ / پاک افغان سرحد دو روز کیلئے کھل گئی

افغان سفیر کے چارٹرڈ طیارے منگوا کر اپنے شہری واپس لے جانے کی دھمکی کے 2 روز بعد پاک افغان طورخم سرحد کو 18روز بعد کھول دیا گیا۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، پاک افغان طورخم سرحد کو 18 روز بعد 2 روز کیلئے پیدل سفر کرنے والوں کیلئے کھول دیا گیا ہے جس کے بعد طورخم سرحد پر لوگوں کا رش لگ گیا ہے۔

پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان دو روز کے دوران صرف ویزے رکھنے والوں کو ہی پاکستان آنے کی اجازت ہو گی اور افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو دستاویز پر پاکستان آنے دیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ طورخم سرحد کھلنے سے پاکستان میں پھنسے افغان باشندوں کی آمدورفت بھی بحال ہے اور دستاویز پر سرحد پار کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے تاہم طورخم سرحد پر تجارت بدستور بند اور نیٹو سپلائی معطل ہے۔

واضح رہے کہ2 ہفتے سے پاک افغان سرحد بند ہونے پر 2 روز قبل پاکستان میں تعینات افغان سفیر نے دھمکی دی تھی کہ اگر آئندہ چند دنوں میں پاک افغان سرحد نہ کھولی گئی تو وہ افغان شہریوں کی واپسی کیلئے اپنی حکومت سے چارٹرڈ طیارے منگوا کر پاکستان میں پھنسے اپنے شہری واپس لے جائیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں حالیہ ہلاکت خیز بم دھماکوں کی منصوبہ بندی کے لیے پڑوسی ملک افغانستان کی زمین استعمال ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جس کے بعد دہشت گردوں کی سرحد پار سے داخلے کو روکنے کی غرض سے پاک افغان سرحد کو بند کر دیا گیا تھا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری