شامی مسلح افواج کا اسرائیلی جنگی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

خبر کا کوڈ: 1359602 خدمت: دنیا
ارتش سوریه

شامی مسلح افواج نے بیان جاری کرتے ہوئے شام کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے چہار اسرائیلی جنگی طیاروں میں سے ایک کو مارگرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق شامی مسلح افواج نے ایک اسرائیلی جنگی طیارے کو مارگرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

شام کے مسلح افواج کے جنرل کمانڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس ملک کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے چہار صہیونی جنگی طیاروں میں سے ایک کو مار گرایا ہے۔

شامی فوج کے جنرل کمانڈ نے تاکید کی ہے کہ صہیونیوں کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائیگا۔

شامی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے شامی سرحدوں کی خلاف ورزی دراصل داعش جیسے دہشتگرد گروہوں کے حوصلے بلند کرنے اور شامی عوام کے اندر بےچینی پھیلانے کی مذموم کوشش ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی طیاروں نے آج (جمعہ کو) علی الصبح شام کے کئی علاقوں پر فضائی حملے کئے۔

اسرائیلی جنگی طیاروں نے شام کے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کئی علاقوں پر بمباری کی۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی فضائی کاروائی کے جواب میں شامی فوج نے کئی میزائل داغے تاہم اسرائیلی اینٹی میزائل نظام نے داغے گئے میزائل کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔

شام میں سیاسی بحران کے آغاز کے بعد سے اسرائیل کے جنگی طیاروں نے کئی بار دہشت گردوں کی مدد سے شامی فوج کے ٹھکانوں پر حملے کئے ہیں اور جولان کے پہاڑی علاقے پر بھی متعدد بار حملے ہوئے ہیں۔

شامی حکومت نے کئی مرتبہ اسرائیل کی جارحیتوں پر اعتراض کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سیکورٹی کونسل کے سربراہ کے نام کئی خطوط لکھے ہیں۔

 

    تازہ ترین خبریں