مایہ ناز قومی ایتھلیٹ نادیہ نذیر ٹریفک حادثے میں جاں بحق


مایہ ناز قومی ایتھلیٹ نادیہ نذیر ٹریفک حادثے میں جاں بحق

چار بار قومی چیمپیئن رہنے والی ایتھلیٹ نادیہ نذیر بیٹے کے ہمراہ بہاولنگر کے قریب ٹریفک حادثے میں جاں بحق اور ان کے شوہر شدید زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم  کے مطابق ایتھلیٹ نادیہ نذیر اپنے شوہر اور 5 سالہ بیٹے کے ہمراہ بہاولنگر سے لاہور آرہی تھیں کہ انکی کار بے قابو ہو کر ٹرالی کے نیچے جا گھسی۔

تصادم کے نتیجے میں میاں بیوی اور انکا 5 سالہ بیٹا خذیقہ شدید زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ماں بیٹا جانبر نہ ہو سکے۔

حادثہ کا شکار نادیہ نذیر کے شوہر کو تشویشناک حالت میں لاہور کے جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ساہیوال کی رہائشی نادیہ نذیر اسلامک گیمز کے تربیتی کیمپ میں شامل تھیں۔

وہ  400میٹر ہرڈلز چمپئین بھی تھیں جبکہ اسلامی اور سیف گیمز میں بھی پاکستانی کی نمائندگی کر چکی ہیں۔

واپڈا سے تعلق رکھنے والی نادیہ نذیر نیشنل ایتھلیٹس کی تیاری کر رہی تھیں۔

انہیں 2010ء میں واپڈا کی جانب سے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے پر تیز ترین ایتھلیٹ کے اعزاز اور بینظیر بھٹو شہید ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

اسی طرح 2013ء میں انہوں نے قومی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں شرکت کی، جہاں 100 میٹر ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

پاکستان کا ناز نادیہ نذیر کو 4 مرتبہ قومی چیمپئن رہنے کا اعزاز حاصل ہوا، انھوں نے بین الاقوامی چار سو میٹر دوڑ میں 5 دفعہ کانسی کا میڈل بھی جیتا۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری