افغانستان کے مسئلے کو پاکستان اور امریکہ مل کر حل کر سکتے ہیں، اعزاز احمد چوہدری


افغانستان کے مسئلے کو پاکستان اور امریکہ مل کر حل کر سکتے ہیں، اعزاز احمد چوہدری

امریکہ میں پاکستان کے نئے سفیر اعزاز احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ افغانستان کا عسکری نہیں سیاسی حل درکار ہے جس کے لئے پاکستان اور امریکہ مل کر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اعزاز چودھری نے واشنگٹن میں پاکستانی  سفارتخانے میں پہلی پریس کانفرنس کی۔

کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ نئی امریکی انتظامیہ کے لئے پاکستان کا پیغام واضح ہے کہ ہم مل کر افغانستان میں دیرپا امن کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا  تھا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے استحکام کے لئے ضروری ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اعزاز چوہدری نے کہا کہ نئی انتظامیہ کی خطے کے لئے جب بھی پالیسی واضح ہوگی تو پاکستان کی طرف سے یہ پیغام بالکل واضح ہے کہ ہم مل کر افغانستان میں دیرپا امن کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ افغانستان میں امن پاکستان کے استحکام کے لئے ضروری ہے۔

تاہم انہوں نے زور دیا کہ سرحد کے دونوں اطراف دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو روکنے کے لئے پاک افغان سرحد کی نگرانی ضروری ہے، جس کے لئے پاکستان اور افغان حکام کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں اس بارے میں تشویش پائی جاتی ہے کہ کچھ دہشت گرد عناصر افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں کرتے ہیں اور افغانستان پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک سے ایسے عناصر کو نکال باہر کرے۔

پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ امریکہ کے تعلقات بہت پرانے ہیں اور ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ فون پر جو گفتگو ہوئی اس سے بھی یہ اشارے ملتے ہیں کہ نئی انتظامیہ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہاں ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری