تمام سیاسی جماعتیں فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام پر متفق ہیں


تمام سیاسی جماعتیں فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام پر متفق ہیں

قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں فاٹا کاخیبر پختونخوا کے ساتھ انضمام پر متفق ہیں کیونکہ وہ چاہتی ہیں کہ پختونوں کی سماجی اور معاشی ترقی ہو اور ان میں اتفاق پیدا ہو جائے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں فاٹا کاخیبر پختونخوا کے ساتھ انضمام پر متفق ہیں کیونکہ وہ چاہتی ہیں کہ پختونوں کی سماجی اور معاشی ترقی ہو اور ان میں اتفاق پیدا ہو جائے۔

وہ ہفتہ کو زیم ریسٹ ہاؤس تحصیل تنگی میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

اس سے قبل دونوں رہنماؤں نے تحصیل تنگی میں مختلف رابطہ سڑکوں اور پلوں کا بھی افتتاح کیا۔آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ فاٹا خیبر پختونخوا انضمام ایک سیاسی مسئلہ ہے اور اسلام بھی ہمیں باہمی اتحاد و اتفاق کا درس دیتا ہے لیکن بعض مذہبی لیڈرزنے انضمام کے ایشو کو مذہب کے ساتھ منسلک کیا ہے جوکہ کسی صورت بھی درست نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ عناصر انضمام کے حوالے سے کوئی بھی ایسی چیز سامنے نہیں لائے جو شریعت کے ساتھ متصادم ہو۔

انھوں نے کہا کہ ان لوگوں نے ملٹری کورٹس سے متعلق بعض اعتراضات اٹھائے تھے اور ان کے مطالبات کو قانون سازی میں شامل کیا گیالیکن یہ لوگ فاٹا کے انضمام کے بارے میں کوئی ٹھوس دلیل پیش کرنے سے قاصر ہیں جس سے بخوبی معلوم ہورہا ہے کہ یہ صرف سیاسی پوائنٹ سکورننگ کیلئے ہے۔

انھوں نے کہا کہ عوام ان لوگوں کے اصل چہرے کو پہچان چکے ہیں اور وہ مزید ان کو دھوکہ نہیں دے سکتے۔

انھوں نے کہا کہ مردم شماری شفاف طریقے سے کروائی جائے جوکہ حقیقی معنوں میں عوام کی امنگوں اور احساسات کی ترجمانی کرسکے۔

انھوں نے کہا کہ پنسل کے ذریعے خانہ شماری اورگنتی قابل قبول نہیں ہے اور اس میں ہیرا پھیرا کا اندیشہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم پختونوں کی آبادی اور حقوق کو کسی صورت بھی متاثر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ مردم شماری کی گنتی مشین کو اسلام آبادسے پشاور شفٹ کیا جائے۔

آفتاب شیرپاؤ نے لندن میں ہونے والے پاک افغان مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسائل مزاکرات کے ذریعے حل کئے جائیں۔

انھوں نے کہا کہ ٹریڈ کی ترقی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دونوں ممالک باہمی طور پر اپنا کردار ادا کرے۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ پاک افغان بارڈر کو فی الفور کھولا جائے کیونکہ اس سے دونوں ممالک کے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا کہ پسماندہ اور دورافتادہ علاقوں کی ترقی اور عوام کی خوشحالی قومی وطن پارٹی کا منشور ہے اور اس سے ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری